وارم اپ:کینگروز کے ہاتھوں بھارتی بالرز کی خوب پٹائی،372رنز کا ہدف

اتوار 8 فروری 2015 12:50

وارم اپ:کینگروز کے ہاتھوں بھارتی بالرز کی خوب پٹائی،372رنز کا ہدف

ایڈیلیڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔8فروری۔2015ء)ورلڈ کپ کے پہلے وارم اپ میچ میں آسٹریلوی بیٹسمینوں نے بھارتی بالرز کی خوب پٹائی کی، ڈیوڈ وارنر اور میکسویل کی دھواں دارسنچریوں کے باعث آسٹریلیا نے بھارت کو میچ جیتنے کیلئے372رنز کا ہدف دیا ہے۔ایڈیلیڈ اوول میں کھیلے جارہے میچ میں آسٹریلوی کپتان جارج بیلی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اوپنر ڈیوڈوارنر اور آرون فنچ نے جارحانہ انداز میں اننگز شروع کی اور صرف 8اوورز میں 62رنز بناکر تیز رفتار آغاز فراہم کیا۔

فنچ 20رنز بناکر اسٹیورٹ بنی کی گیند پر ویرات کوہلی کو کیچ دے بیٹھے، شین واٹسن نے 22رنز کی اننگز کھیلی، اسمتھ صرف ایک رن بناسکے۔دوسری طرف ڈیوڈ وارنر نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے بھارتی بالرز کی خوٹ پٹائی کی اور 83گیندوں پر 104رنز بنائے۔

(جاری ہے)

کپتان جارج بیلی44رنز بناسکے۔گلین میکسویل نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 57گیندوں پر122رنز بنائے، وہ ریٹائرٹ آئوٹ ہونے کے باعث اننگز جاری نہ رکھ سکے۔

مارش نے 21اور جانسن نے 19رنز بنائے۔یوں 48اعشاریہ 2اوورز میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 371رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔محمد شامی نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا لیکن وہ سب سے مہنگے بالر ثابت ہوئے انہوں نے9اعشاریہ 2اوورز میں 83 رنز دیئے۔ موہت شرما نے 6اوورز میں 62رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔یادیو نے 9اوورز میں 52رنز دے 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔