الطاف حسین نے جے آئی ٹی رپورٹ کو مسترد کر دیا، غیر ملکی ٹیموں سے چھان بین کا مطالبہ

سانحے کی ذمہ داری کسی ایک پارٹی پر ڈالنا غیر آئینی ، ایسی غلطیوں سے ماضی میں ملک دولخت ہوا قائد ایم کیو ایم جے آئی ٹی کی رپورٹ پہلے کیوں نہیں آئی، ایسی رپورٹیں بنیں تو باقی آدھا ملک بھی نقشے سے مٹ جائیگا قائدمتحدہ قومی موومنٹ ایم کیو ایم کے لوگ ملوث پائے گئے تو پھانسی پر لٹکایا جائے، آئی ٹی رپورٹ جعلی پیروں اور عاملوں کے اشتہارات کی طرح ہے الطاف حسین

اتوار 8 فروری 2015 13:21

الطاف حسین نے جے آئی ٹی رپورٹ کو مسترد کر دیا، غیر ملکی ٹیموں سے چھان ..

حیدر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 8فروری 2015ء) متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیوایم ) کے قائدالطاف حسین نے جوائنٹ انوسٹی گیشن(جے آئی ٹی) رپورٹ مسترد کر دیاہے اور سانحے کی غیر ملکی ٹیموں سے چھان بین کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ اور یہ بھی بتایاجائے کہ بے نظیر کی شہادت اورضیا کے طیارے کی تباہی کی جے آئی ٹی رپورٹ کہاں ہے؟۔ جے آئی ٹی ممبران کیخلاف عدالت سے رجوع کیاجائیگا۔

بلدیہ سانحے میں اگر ایم کیو ایم کے لوگ ملوث پائے گئے تو انہیں پھانسی پر لٹکایا جائے۔ سانحے کی ذمہ داری کسی ایک پارٹی پر ڈالنا غیر آئینی ہے ، ایسی غلطیوں سے ماضی میں ملک دولخت ہوا ۔حیدرآباد کے باغ مصطفی گراؤنڈ میں جشن صبح نوکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ حیدرآباد میں یونیورسٹی کا خواب پورا ہونے پر عوام کومبارکباد پیش کرتاہوں۔

(جاری ہے)

جس دن حیدرآباد میں یونیورسٹی کا سنگ بنیادرکھاگیا اس دن سے کارکنان کے قتل کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ یونیورسٹی کے قیام کی خوشی بھی نہیں منانے دی گئی۔ الطاف حسین نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ جعلی پیروں اور عاملوں کے اشتہارات کی طرح ہے، اگر ایم کیو ایم کا کوئی کارکن بلدیہ سانحے میں ملوث ہوا تو یہ اس کا انفرادی فعل ہوگا،ایک شخص کا انفرادی فعل پارٹی پر نہ ڈالا جائے، ماضی میں بھی ایسی ہی غلطیاں کی گئیں جس کی وجہ سے ملک دو ٹکڑے ہوگیا۔

تحریک انصاف کے منہ سے کبھی القاعدہ اور داعش کانام نہیں نکلا جبکہ بڑے بڑے دہشت گرد جماعت اسلامی والوں کے گھروں سے نکلے ہیں۔الطاف حسین نے الزام عائد کیا کہ اے این پی 12 مئی 2007 کے واقعے کی سازش میں ملوث تھی۔الطاف حسین نے سوالات اٹھائے کہ ضیا الحق طیارہ کیس اور اوجڑی کیمپ واقعہ کی جے آئی ٹی رپورٹ کہاں ہیں؟ ، بے نظیر بھٹو قتل کیس کی تحقیقات کے لیے اقوام متحدہ اور اسکاٹ لینڈ یارڈ کو بلایا گیا لیکن اس کے حقائق سے قوم کو بے خبر رکھا گیا۔

متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ مطالبہ کیا کہ سانحہ بلدیہ پر بھی تحقیقات کے لیے اسکاٹ لینڈ یارڈ اور اقوام متحدہ کی ٹیم ٹیم بلوائی جائے تاکہ مظلوموں کو انصاف مل سکے اور ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دلائی جائے ۔ اگر ایم کیو ایم کے لوگ ملوث پائے گئے تو انہیں بھی پھانسی پر لٹکایا جائے۔انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ پہلے کیوں نہیں آئی، ایسی رپورٹیں بنیں تو باقی آدھا ملک بھی نقشے سے مٹ جائیگا۔انہوں نے ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کوہدایت دی کہ جے آئی ٹی ممبران کیخلاف عدالت سے رجوع کیاجائے۔