سانحہ بارہ مئی ، گرفتار ٹارگٹ کلر ایم کیو ایم کا سیکٹر انچارج ہے :رینجرز

پیر 9 فروری 2015 10:39

سانحہ بارہ مئی ، گرفتار ٹارگٹ کلر ایم کیو ایم کا سیکٹر انچارج ہے :رینجرز

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9فروری 2015ء) سانحہ بارہ مئی میں ملوث ٹارگٹ کلر گرفتار ، ملزم رفیق ایم کیو ایم کا سیکٹر انچارج ہے ، اعتراف جرم کر لیا ، ترجمان رینجرز کا بیان ، رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ الزامات جھوٹے اور من گھڑت ہیں ۔ کراچی میں رینجرز نے بارہ مئی کے واقعات میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا ، ترجمان کے مطابق ملزم نے اعتراف جرم کر لیا ۔

گرفتار عبدالرفیق کا تعلق ایم کیو ایم سے ہے ۔ رینجرز ترجمان کے مطابق رفیق نامی ملزم کو گزشتہ شب محمود آباد کے علاقے میں چھاپے کے دوران گرفتار کیا گیا ۔

(جاری ہے)

ملزم نے سات سال قبل بارہ مئی کو شہر قائد میں پیش آنے والے واقعات میں ملوث ہونے اور ٹارگٹ کلرز کو تحفظ دینے کا اعتراف بھی کر لیا ہے ۔ ملزم ٹارگٹ کلرز کی ٹیم کو ہدایات بھی دیتا تھا جبکہ گینگ وار اور زمینوں پر قبضوں میں بھی ملوث رہا ہے ۔

ملزم کو آج ریمانڈ کیلئے عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔ وزارت داخلہ سے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کی تشکیل کی درخواست بھی کی جائے گی ۔ محمود آباد میں ہی پولیس نے ایک کارروائی کے دوران سیکڑوں وارداتوں میں ملوث ڈاکو کو گرفتار کرلیا ، ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور لوٹا گیا سامان بھی برآمد کر لیا گیا ہے ۔