لیگی رہنما نواز ملک نے کھیلوں کا میدان قبرستان کیلئے الاٹ کراتے ہوئے راتوں رات کئی جعلی قبریں بنوادیں

رکن صوبائی اسمبلی نواز ملک کھیل کے میدان پر قبضہ جمانا چاہتے ہیں ‘مقامی لوگوں کی گفتگو قبرستان میں چار دیواری نہیں ‘ جگہ کے تعین کے لئے نشانی کے طور پر کچھ نشانات لگائے گئے تھے ‘ رکن صوبائی اسمبلی نواز ملک

پیر 9 فروری 2015 16:36

لیگی رہنما نواز ملک نے کھیلوں کا میدان قبرستان کیلئے الاٹ کراتے ہوئے ..

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09فروی 2015ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی نواز ملک نے کھیلوں کا میدان قبرستان کے لئے الاٹ کراتے ہوئے راتوں رات کئی جعلی قبریں بنوادیں۔نجی ٹی وی کے مطابق فیصل آباد کے علاقے محمود آباد میں فٹبال گراوٴنڈ میں راتوں رات کئی جعلی قبریں بنادی گئیں، علاقے کے لوگوں نے جب ان قبروں کو کھودا تو وہ خالی تھیں، علاقہ مکینون کا کہنا ہے کہ رکن صوبائی اسمبلی نواز ملک کھیل کے میدان پر قبضہ جمانا چاہتے ہیں تاکہ وہ اس جگہ پر اپنے عزیزوں کے لئے قبرستان بنواسکیں۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی نواز ملک نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے حلقے کی آبادی 22 لاکھ ہے تاہم یہاں واقع قبرستانوں میں تدفین کی جگہ کم پڑ گئی ہے جس کی وجہ سے صورت حال یہ ہے کہ ایک ایک قبر میں کئی مرحومین مدفون ہیں، اس سلسلے میں چند روز قبل علاقے کی چند معزز شخصیات نے ان سے قبرستان کیلئے جگہ کی الاٹ منٹ کی درخواست کی تھی۔ جس پر انہوں نے ڈی سی او سے اپیل کی کہ قبرستان سے متصل گراوٴنڈ کی کچھ اراضی الاٹ کردی جائے۔ انہوں نے کہاکہ قبرستان میں چار دیواری نہیں اس لئے قبرستان کی جگہ کے تعین کے لئے نشانی کے طور پر کچھ نشانات لگائے گئے تھے تاکہ اس جگہ کے تقدس کو برقرار رکھا جائے۔