آئی سی سی کی طرف سے بالنگ ایکشن کلیئر قرار دئیے جانے کے بعد سعید اجمل ایکشن میں آ گئے

ایل سی سی اے گراؤنڈ میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی انڈر19کے پریکٹس میچ میں اپنے نئے ایکشن کے ساتھ بالنگ کرائی

پیر 9 فروری 2015 16:39

آئی سی سی کی طرف سے بالنگ ایکشن کلیئر قرار دئیے جانے کے بعد سعید اجمل ..

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09فروی 2015ء) آئی سی سی کی طرف سے بالنگ ایکشن کلیئر قرار دئیے جانے کے بعد سعید اجمل ایکشن میں آ گئے ،ایل سی سی اے گراؤنڈ میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی انڈر۔19کے پریکٹس میچ میں اپنے نئے ایکشن کے ساتھ بالنگ کرائی ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید اجمل نے کہا کہ میری بھرپور کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ پریکٹس اور مقامی سطح پر میچز میں حصہ لے کر اپنااعتماد بحال کروں ۔

کونسا ایسا کھلاڑی ہے جس کا دل نہیں چاہتا کہ وہ ورلڈ کپ نہ کھیلے ۔ میں نے پریکٹس شروع کر دی ہے اور جب میں سمجھوں گا کہ میری تیاری مکمل ہو گئی ہے تو پی سی بی کو اپنی دستیابی سے آگاہ کر دوں گا ۔ سعید اجمل نے کہا کہ مقامی سطح پر میچز کھیلنے سے میرے اندر اعتماد آ رہا ہے اور نئے بالنگ ایکشن میں کوئی مسئلہ نہیں ۔

(جاری ہے)

میں نے آج کے میچ میں بھی تمام نئی ورائٹیز کے تحت گیندیں پھینکی ہیں ۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میری گیند کی رفتار کم نہیں ہوئی بلکہ وکٹ سلو ہے جبکہ بیٹسمین کو بھی مد نظر رکھ کر بالنگ کرنا ہوتی ہے ۔ دوسرا‘ آف سپن ‘ کوئیک ون ‘ سیم اور کیرم نتائج دے رہی ہیں تاہم میرا فوکس آف سپن بال ہی ہے ۔ سعید اجمل نے بتایا کہ میں دس سے بارہ میچز کھیل کر اپنی مائیلج حاصل کر لوں گا ۔ انہوں نے اس سوال کہ کہیں ٹیم مینجمنٹ تو آپ کو شامل نہیں کرنا چاہتی کا جواب دیتے ہوئے سعید اجمل نے کہا کہ ایسی بات نہیں ٹیم مینجمنٹ دبئی میں ہے اس نے میرا نیا بالنگ ایکشن دیکھا ہی نہیں پھر وہ کیسے فیصلہ کر سکتے ہیں کہ میں موثر ثابت نہیں ہو سکتا ۔

میں نے ماضی میں بھی کرکٹ ہی کھیلی ہے اور بہت مثبت کھیلا ہوں اور مستقبل میں بھی اسی پر کاربند رہوں گا ۔ انہوں نے کہا کہ میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ اگر مجھے کہا جائے گا تو میں جانے کے لئے تیار ہوں لیکن منتخب کرنا سلیکشن کمیٹی کا کام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کے کھلاڑی انجریز کا شکار ہو رہے ہیں میری دعاہے کہ اللہ باقی کھلاڑیوں کو بچائے اور میری نیک خواہشات اپنی ٹیم کے ساتھ ہیں کہ وہ پرفارم کرے ۔

انہوں نے پاک بھارت میچ کے حوالے سے کہا کہ اس مرتبہ بھارت کے حالات برے لگ رہے ہیں ، بھارت نے ایک کمرشل بھی بنایا ہے جس میں پٹاخے چلا ئے جارہے ہیں ،لگتا ہے اس مرتبہ سارے اشارے پاکستان کی طرف جاتے ہیں اور اب تک جو پٹاخے نہیں چل سکے وہ چل جائیں گے اور پاکستان کامیابی سمیٹے گا۔

متعلقہ عنوان :