سکھر،پی پی کے جیالے تو جیالے ، رہنما بھی جیالوں سے بازی لے گئے ،

تقریب میں نام پکارے جانے پر قائدین اسٹیج سے رفو چکر ، شرکاء تقریب حیرت میں مبتلا ، تقریب دیر سے شروع ہونے پر جیالے کھانے پر ٹوٹ پڑے ، تقریب بدنظمی کا شکار

پیر 9 فروری 2015 22:57

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9فروری 2015ء)پی پی کے جیالے تو جیالے ، رہنما بھی جیالوں سے بازی لے گئے ، تقریب میں نام پکارے جانے پر پی پی قائدین اسٹیج سے رفو چکر ہو گئے ، شرکاء تقریب حیرت میں مبتلا ، تقریب دیر سے شروع ہونے پر جیالے کھانے پر ٹوٹ پڑے ، تقریب بدنظمی کا شکار ، تفصیلات کے مطابق سکھر کے علاقے رائیس کینال سٹی پوائنٹ پر پی پی رہنما عبدالخالق میرانی کی جانب سے علاقہ مکینوں کو درپیش مسائل سے پی پی نمائندگان کو آگاہی دینے کیلئے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا تقریب بوقت ایک بجے شروع ہونی تھی جس میں دعوت طعام کا بھی بندوبست کیا گیا تھا تاہم پی پی کے رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ ، معاون خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارشد مغل ، سابق ایم پی اے حاجی انور خان مہر و دیگر پی پی قیادت کی چھ گھنٹوں تاخیر کیبعد جب ان کی آمد ہوئی تو تقریب کا آغاز کیاگیا اور کمپیئر نے جیسے ہی پی پی کے نمائندگان کو خطاب کیلئے مائیک پر بلایا تو شرکاء تقریب حیرت میں مبتلا ہو گئے کہ پی پی نمائندگان اسٹیج سے جا چکے ہیں میزبان کی جانب سے شرکاء تقریب کو پروگرام میں تاخیر اور رہنماؤں کی جلد روانگی کے حوالے سے یقینی دہانی کراتے ہوئے جیسے ہی کھانے کیلئے کہا گیا تو جیالے کھانے پر ایسے ٹوٹے کہ پھر بس،کھانے کے برتن بھی ٹوٹنے شروع ہو گئے اور ایک دوسرے سے بازی لے جانے پر جیالوں نے ہاتھوں ، رومال و تھیلیوں میں کھانا بھرنا شروع کر دیا ۔