14فروری کو ویلنٹائن ڈے منانے کی بجائے قرآن وسنت سے محبت کا دن منایا جائے،میاں محمود عباس

منگل 10 فروری 2015 18:30

14فروری کو ویلنٹائن ڈے منانے کی بجائے قرآن وسنت سے محبت کا دن منایا جائے،میاں ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10فروری 2015ء)مرکزی جمعیت اہلحدیث پنجاب کے ناظم اعلیٰ میاں محمود عباس، فنانس سیکرٹری مولانا مبشر احمد مدنی، حافظ ابرار ظہیر، حافظ بابر فاروق رحیمی، عبدالرحیم قریشی سمیت دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ 14فروری کو ویلنٹائن ڈے منانے کی بجائے قرآن وسنت سے محبت کا دن منایا جائے، یہود ونصریٰ نوجوانوں کو گمراہ کرنے کیلئے بے راہ روی کے فروغ کیلئے ملٹی نیشنل کمپنیوں اور میڈیا کے ذریعے مہم چلا رہے ہیں، یہ بات انہوں نے تنظیمی میٹنگ کے بعد آن لائن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی، میاں محمود عباس نے کہا مرکزی جمعیت اہلحدیث نئی نسل کو اللہ اور اس کے محبوب رسول سے محبت کیلئے مساجد میں خصوصی لیکچر اور سیمینار منعقد کئے جائیں گے، ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث پنجاب نے کہا کہ 14 فروری کو ترجمہ والا قرآن کے نسخے نوجوانوں میں تقسیم کیے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ یورپ مسلمانوں کی عظیم ترین ہستی کی شان میں گستاخی کررہے ہیں، خاکے شائع کیے جا رہے ہیں لیکن ہماری قوم کے چند آزاد خیال گستاخِ رسول کی یاد میں دن مناتے ہیں ، لادین قوتیں بے حیائی اور فحاشی کو فروغ دے کر جذبہ ایمانی ختم کرنا چاہتے ہیں، میاں محمود عباس نے کہا کہ تمام قوم مل کر محسن انسانیت حضرت محمد عربی سے محبت کے اظہار کر کے گستاخ ِ رسول کو پیغام دیں کہ ہمارے نزدیک سب سے زیادہ محبت کے قابل اور حقدار صرف اور صرف آمنہ کا لال رحمة اللعالمین کی ذات اقدس ہیں