جان سٹیورٹ اور دا ڈیلی شو کا ساتھ رواں سال ختم ہوجائیگا

بدھ 11 فروری 2015 11:53

جان سٹیورٹ اور دا ڈیلی شو کا ساتھ رواں سال ختم ہوجائیگا

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11فروی 2015ء)امریکی ٹی وی کے مقبول میزبان جان سٹیورٹ سالِ رواں کے آخر میں اپنے پروگرام دا ڈیلی شو سے علیحدگی اختیار کر لیں گے۔سٹیورٹ نے 1999 میں کامیڈی سینٹرل چینل پر اس پروگرام کی میزبانی شروع کی تھی اور چینل کی صدر مشیل گینلیس کے مطابق وہ 2015 کے اواخر تک اس سے وابستہ رہیں گے۔میشل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ان کی مزاحیہ صلاحیتیں بیمثال ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ سٹیورٹ ’مزاح کی دنیا کی فطین شخصیت ہیں جن میں یہ صلاحیت کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہے اور وہ ہمیشہ کامیڈی سینٹرل کے خاندان کا حصہ رہیں گے۔جان سٹیورٹ کامیڈی سینٹرل سے علیحدگی اختیار کرنے والے دوسرے اہم میزبان ہیں۔ان سے قبل سٹیفن کولبرٹ نے اس چینل سے الگ ہونے کے بعد سی بی ایس چینل پر لیٹ نائٹ شو میں ڈیوڈ لیٹرمین کی جگہ لی تھی۔سٹیورٹ سیاسی اور عوامی شخصیات کو مدعو کر کے ان سے چبھتے ہوئے سوالات کرنے کے لیے جانے جاتے ہیں۔جان سٹیورٹ کے ڈیلی شو کو اکثر نوجوانوں کے لیے خبروں کے مرکزی منبع کے طور پر جانا جاتا ہے اور اس کے ناظرین کی اوسط تعداد دس لاکھ ہے۔