دپیکا پڈوکون کا گلوکاری کے میدان میں قدم رکھنے کا فیصلہ

جمعرات 12 فروری 2015 11:36

دپیکا پڈوکون کا گلوکاری کے میدان میں قدم رکھنے کا فیصلہ

ممبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12فروی 2015ء)ماضی میں متعدد اداکاروں نے اپنی فلموں میں گلوکاری کا مظاہرہ بھی کیا جیسے عالیہ بھٹ، سلمان خان اور شردھا کپور، اور اب ان میں دیپکا پڈوکون کا نام بھی شامل ہونے والا ہے جو اپنی زیرتکمیل فلم ”تماشا“ میں ایک گانے کے لیے اپنی آواز کا استعمال کریں گی۔اس فلم کی ہدایات معروف ڈائریکٹر امتیاز علی دے رہے ہیں جو اس سے پہلے ہائی وے، راک اسٹار اور جب وی میٹ جیسی سپرہٹ فلمیں بناچکے ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے دپیکا کی موسیقار اے آر رحمان کے ساتھ تصویر بھی انٹرنیٹ پر سامنے آئی ہے جس سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ باہمی اشتراک پرستاروں کو دیوانہ بنانے کے لیے کافی ثابت ہوگا۔یہ بھی کہا جارہا ہے کہ اے آر رحمان نے دپیکا کی آواز کو قبولیت کی سند دے دی ہے۔رنبیر کپور اور دپیکا اس فلم کے مرکزی کردار نبھارہے ہیں جس کی شوٹنگ دہلی میں جاری ہے۔یہ رنبیر اور دپیکا کی اکھٹی چوتھی فلم ہے اس سے پہلے یہ دونوں بچنا اے حسینو، بمبئے ٹاکیز اور یہ جوانی ہے دیوانی میں ایک ساتھ نظر آچکے ہیں۔فلم تماشا کو اگلے سال ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔