لیپ ٹاپ کا آرڈر کیا تھا یہ کیا ملا؟

جمعرات 12 فروری 2015 12:37

لیپ ٹاپ کا آرڈر کیا تھا یہ کیا ملا؟

(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12فروری2015ء)ای بے پر لیپ ٹاپ کا آرڈر کرنے والے کو لیپ ٹاپ کی تصویر ملی۔ موبائل پر اکثر دوست جو مزاحیہ ایس ایم ایس بھیجتے ہیں اُن میں سے بعض ایسے بھی پڑھے جن کے آخر میں لکھا تھا کہ جیتنے والے کو ملے گا 40 انچ ایل سی ڈی کا ڈبہ اور ہنڈا کار کا فوٹو وغیرہ۔ ای بے نے پاؤل کے ساتھ جو کیا ہے اسے دیکھ کر وہ ایس ایم ایس یاد آ گئے۔

38 سالہ پاؤل بیرنگٹن(Paul Barrington) کا تعلق ایلفراکم، ڈیون(Ilfracombe, Devon) سے ہے۔ پیشے کے لحاظ سے پاؤل بورڈ سرفر تھا۔ پھیپھڑوں کی ایک بیماری کی وجہ سے اسے یہ کیرئر ختم کرنا پڑا۔ پاؤل چاہتا تھا کہ کوئی نیا کاروبار شروع کرے۔تقریبات میں ڈی جے بننے کے لیے اس نے ایک لیپ ٹاپ خریدنے کا سوچا۔ پاؤل نے ای بے پر ہونے والی نیلامی میں ایپل میک ائیر لیپ ٹاپ جیتا۔

(جاری ہے)

1500 ڈالر مالیت کا لیپ ٹاپ صرف 300 ڈالر میں پا کر پاؤل بہت خوش تھا ۔کچھ دن کے بعد ہی اسے ایک ڈبہ بھی ملا جسے دیکھ کر اس کا دل باغ باغ ہو گیا۔ اس نے جب ڈبے کو اٹھایا تو وہ ہوا سے بھی ہلکا تھا۔ کھول کر دیکھنے پر پتہ چلا کہ ڈبے میں صرف لیپ ٹاپ کی بلیک اینڈ وائٹ فوٹو ہے۔ یہ فوٹو اسی لیپ ٹاپ کی تھی جس کا اس نے آرڈر کیا تھا۔ پاؤل نے اس لیپ ٹاپ کو پانے کے لیے اپنا سرف بورڈ بیچ دیا تھا۔

پاؤل نے کہا کہ میں نے اپنی خوشی کے ذریعے کو اس کاغذ کی تصویر کے لیے بیچ دیا۔پاؤل کا کہنا تھا کہ دس سال کی عمر سے لیکر اب پہلی بار ایسا ہوا کہ اس کے پاس سرف بورڈ نہیں اور ایسا صرف اس لیپ ٹاپ کےلیے ہوا جس کی تصویر ہی ملی۔ پاؤل کا کہنا ہے کہ میں ای بے پر کئی سال سے ممبر ہوں مجھے وہاں کوئی چیز مشتبہ نظر نہیں آئی، میں نے لیپ ٹاپ خریدنے سے پہلے بیچنے والے کی ریٹنگ بھی چیک کی تھی، مگر مجھے سمجھ نہیں آتا کہ مجھے تصویر بھیجنے کا تکلف بھی کیوں کیا گیا، شاید صرف ہنسانے کےلیے۔

ای بے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انہیں مسٹر پاؤل کے بارے میں سن کر افسوس ہوا، جیسے ہی اس حوالے سے تحقیقات مکمل ہوئیں وہ پاؤل کو اس کی رقم واپس کردیں گے۔ اس وقت ای بے کے 15 کروڑ کے قریب متحرک صارفین ہے ۔ جبکہ ای بے پر فروخت کی جانے والی اشیاء کی فہرست میں بھی لاکھوں چیزیں شامل ہیں۔