ورلڈ کپ 2015 وارم اپ میچز : آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز نے اپنے اپنے میچز جیت لئے

جمعرات 12 فروری 2015 14:08

ورلڈ کپ 2015 وارم اپ میچز : آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز نے اپنے اپنے میچز جیت ..

سڈنی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12فروی 2015ء ) ورلڈ کپ 2015ء کے وارم اپ میچزمیں کھیلے گئے دو میچوں میں آئر لینڈ نے بنگلا دیش کو 4 وکٹوں سے ،سنسنی خیز مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کی تین رنز سے کامیابی حاصل کی ۔ورلڈ کپ سے قبل وارم میچ میں آّئر لینڈ نے بنگلا دیش کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا۔ سڈنی کے بلیک ٹاوٴن اولمپک پارک میں کھیلے جارہے وارم اپ میچ میں آئر لینڈ نے ٹاس جیت کر بنگلا دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

آئرلینڈ کا فیصلہ درست ثابت ہوا، بنگلا دیش کے کھلاڑی بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے اور پوری ٹیم 49ویں اوور میں 189 رنز پر ڈھیر ہوگئی، بنگلا دیش کی جانب سے سب سے کامیاب بلے باز صومیہ سرکار رہے جنہوں نے 45 رنز کی اننگز کھیلی، مشفق رحیم نے 26 ، انعام الحق نے 25 رنز سکور کئے۔

(جاری ہے)

مونی اور سورینسن نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، آئرلینڈ کے مونی اور سورینسن نے 3،3 جبکہ اوبرائن، ڈوکریل اور مک برائن نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

جواب میں ا آئرلینڈ نے ہدف 47 ویں اوور میں پورا کر لیا ، اے بال برنی نے 63 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ، پورٹر فیلڈ 24 ، ایڈ جوئس 47 ، کے او برائن 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ، تیج الاسلام نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ الامین حسین ، تسکین احمد ، شکیب الحسن اور ناصر حسین کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی ۔ دوسرے وارم اپ میچز میں ویسٹ انڈیز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سکاٹ لینڈ کی ٹیم کو تین رنز سے شکست دے دی ، ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 313 رنز بنائے ، دنیش رامدین 88 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے ، سمتھ نے 45 ، براوو نے 43 ، سمنز نے 55 رنز بنائے ، سکاٹ لینڈ کی جانب سے اے سی ایوانز نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، ڈیوی دو اور وارڈ لا اور آر ایم حق ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر سکے۔

سکاٹ لینڈ کی ٹیم آخری اوور کی آخری گیند پر 310 رنز بنا سکی ، کے جے کوئٹزر 96 رنز بنا کر نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے۔ میکلیوڈ 32 ، بیرنگٹن 66 ، ایم ایچ کروس 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ، ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمار روچ ، اینڈرے رسل ، سلیمان بین نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، ملر ایک وکٹ لے سکے