پاکستان میں اپوزیشن محض الزام تراشی ، لمبے چوڑے بیانات اور دعوؤں تک محدود ہوکر رہ گئی ہے،چوہدری نثار علی خان،

مسائل سیاسی ڈگ ڈگیوں سے حل نہیں ہوتے،وفاداریاں تبدیل کرنے والے اور ہر چڑھتے سورج کو سلام کرنے والے لوگوں سے گھرے ہوئے لیڈر انقلاب نہیں لاسکتے پاکستان کو بے انتہا مسائل کا سامنا ہے،بجلی اور گیس کی کمی آپ کی روزمرہ کی زندگیوں پر اثر انداز ہورہی ہے ،وزیرداخلہ کاکلرسیداں میں سڑکوں اور دیگر اہم منصوبوں کیلئے 43کروڑ کی گرانٹس کا اعلان

جمعرات 12 فروری 2015 21:23

پاکستان میں اپوزیشن محض الزام تراشی ، لمبے چوڑے بیانات اور دعوؤں تک ..

کلر سیداں(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12فروری 2015ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں اپوزیشن محض الزام تراشی ، لمبے چوڑے بیانات اور دعوؤں تک محدود ہوکر رہ گئی ہے۔آج کے پاکستان میں اپوزیشن کرنا آسان اور حکمرانی کرنا ایک مشکل ترین کام ہے کیونکہ ہر طرف بگاڑ ہی بگاڑ ہے۔ اس وقت پاکستان کو بے انتہا مسائل کا سامنا ہے۔

اُن کے حل کیلئے ایک طرف تو انتھک محنت کی جارہی ہے تو دوسری طرف روایتی اپوزیشن اور روایتی انداز جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ جو انقلاب کے نعرے لگاتے ہیں اُن کے اردگرد وفاداریاں تبدیل کرنے والے اور ہر چڑھتے سورج کو سلام کرنے والے لوگ موجود ہیں۔ایسی نوزائیدہ پارٹیاں اور مفاد پرست لوگ انقلاب نہیں لاسکتے۔ انہوں نے کہا کہ وہ 30سال سے لوگوں کی خدمت کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

جس پارٹی سے سیاست کا آغاز کیا آج بھی اُسی پلیٹ فارم سے عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔یہ بات انہوں نے اپنے حلقے تحصیل کلرسیداں کے مختلف موضعات اور علاقوں کے دورے کے موقع پر عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔حلقے میں مختلف مقامات پر لوگوں کی کثیر تعداد سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثارعلی نے کہا کہ حکومت کو عوام کی تکالیف اور مسائل کا مکمل ادراک ہے۔

ہم جانتے ہیں کہ بجلی اور گیس کی کمی آپ کی روزمرہ کی زندگیوں پر اثر انداز ہورہی ہے لیکن آپ یقین رکھیں کہ آپ کی منتخب کردہ حکومت آپ کے اعتماد پر پورا اترے گی۔مسائل کے حل کیلئے دن رات کوششیں جاری ہیں۔جس کے واضح اثرات سامنے آئے ہیں۔ حکومتی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ آج بجلی کی لوڈشیڈنگ میں واضح کمی آئی ہے۔ تیل کی قیمتوں میں بہت بڑی کمی آئی ہے۔

حکومت اگر چاہتی تو تیل کی کم قیمت خرید پر جمع شدہ منافع اپنے پاس رکھ سکتی تھی لیکن ہمارا مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانا ہے ۔ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ہمیں ابھی بہت کچھ کرنا ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ ہر پلیٹ فارم پر عوام کے نمائندے کی حیثیت سے بات کرتے ہیں اور اس سلسلے میں کسی حیل وحجت سے کام نہیں لیتے ۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ میں اُس علاقے کی نمائندگی کرتا ہوں جو خطہ پوٹھوہار کا سب سے خوبصورت ترین علاقہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کا اُن پر اعتماد اُن پر ایک قرض ہے جسے وہ ادا کرتے رہیں گے۔ہم چاہتے ہیں کہ ان پانچ سالوں میں اس خطے کا کوئی بھی ایسا علاقہ باقی نہ رہے کہ جس میں ہماری خدمت کے نشان نہ ہوں۔الزم تراشیوں کی سیاست پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چند نوزائیدہ پارٹیاں اور لیڈران عوام کو سہانے سپنے تو دیکھاتے ہیں لیکن جب کہیں موقع ملتا ہے توکوئی تبدیلی نظر نہیں آتی۔

وفاداریاں تبدیل کرنے والے اور ہر چڑھتے سورج کو سلام کرنے والے لوگوں سے گھرے ہوئے لیڈر انقلاب نہیں لاسکتے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ مسائل سیاسی ڈگ ڈگیوں سے حل نہیں ہوتے مسائل وہ لوگ حل کرتے ہیں جو ثابت قدم رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)پر عوام نے جو اعتماد کیا ہے پارٹی اور اُس کی قیادت اُس اعتماد پر انشاء اللہ ضرور پور اترے گی۔

لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہا کہ جس طرح روزمرہ کے فیصلے سوچ سمجھ کر کئے جاتے ہیں سیاسی فیصلے بھی سوچ سمجھ کر کرنے چاہئیں۔محض دعوؤں اور وعدوں کی بنیاد پر سیاسی فیصلے نہیں کرنے چاہئیں۔ملکی مسائل پر بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پچھلے کئی سالوں سے دہشت گردی اس ملک کا سب سے بڑا مسئلہ رہا ہے لیکن یہ مسلم لیگ (ن)کی ہی حکومت ہے کہ جس نے اقتدار میں آتے ہی قوم کے سامنے ایک واضح پلان رکھا۔

آج اس مسئلے پر الحمداللہ پوری قوم یکسوہے۔دہشت گردی کے واقعات میں واضح کمی آئی ہے لیکن تب تک چین سے نہیں بیٹھیں گے کہ جب تک انتہا پسندی کی عفریت کو مکمل طورپر ختم نہ کردیں۔علاقے میں ترقیاتی منصوبوں پر بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ لوگ ترقیاتی کاموں میں بھرپور دلچسپی لیں تاکہ ایک طرف تو ایسے منصوبوں کی افادیت کو بڑھایا جاسکے تو دوسری طرف ان کی معیار کو برقرار رکھا جاسکے۔

انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ بہتر طرز حکمرانی قائم کرنے کیلئے تھانہ ، محکمہ مال اور دیگر محکموں میں بھرپور دلچسپی لیں تاکہ لوگوں کو انصاف اور اُن کے حق کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔حلقے کے دورے کے دوران وزیرداخلہ نے سڑکوں اور دیگر اہم منصوبوں کیلئے 43کروڑ کی گرانٹس کا بھی اعلان کیا۔اس دوران انہوں نے پلے گراؤنڈ اور جمنیزیم کا بھی افتتاح کیا۔تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں 1122سے بریفنگ لی اور ٹی ایم اے آفس کلر سیداں میں محکمہ مال ، پولیس اور میڈیا کے نمائندوں سے بھی بات چیت کی۔