انجلینا جولی نے لندن میں خواتین کے پہلے سلامتی مرکز کا افتتاح کردیا

جمعہ 13 فروری 2015 11:48

انجلینا جولی نے لندن میں خواتین کے پہلے سلامتی مرکز کا افتتاح کردیا

لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13فروی 2015ء)لندن میں خواتین کے پہلے سلامتی مرکز کا افتتاح کردیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پناہ گزینوں کی خصوصی مندوب اداکارہ انجلینا جولی نے لندن اسکول آف اکنامکس میں خواتین کی امن و سلامتی مرکز کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب میں انجلینا جولی کے ساتھ سابق برطانوی وزیرخارجہ ولیم ہیگ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

یہ مرکز خواتین کو درپیش مسائل کی روک تھام کے لیے یورپ کا پہلا مرکز اور ایک اہم تحقیقی یونٹ ہے جو تنازعات اور جنگ زدہ علاقوں میں جنسی زیادتی کے واقعات کو سمجھنے اور ان کے سدباب کے لیے کوششیں کرے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آسکر ایواڈ یافتہ اداکارہ انجلینا جولی نے کہا کہ جس معاشرے میں خواتین پر ظلم ہوتا ہے اس کا مستقبل مستحکم نہیں ہو سکتا۔ انجلینا جولی کا کہنا تھا کہ اس اہم مرکز میں خواتین کو بااختیار بنانا بہترین ذہنوں کی اولین ترجیح ہوگی۔