ڈی جی خان :پولیس کی پھرتیاں ، ڈکیتی کے الزام میں 4 سالہ بچے کو عدالت پیش کر دیا

جمعہ 13 فروری 2015 14:58

ڈی جی خان :پولیس کی پھرتیاں ، ڈکیتی کے الزام میں 4 سالہ بچے کو عدالت پیش ..

ڈی جی خان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13فروری 2015ء) ڈیرہ غازی خان میں پولیس کے شیر جوانوں کی پھرتیاں ، ڈکیتی کے مقدمے میں 4 سال کے بچے کو عدالت میں پیش کر دیا ۔ پنجاب پولیس نے پھرتیوں کی نئی داستان رقم کر ڈالی ۔ ڈیرہ غازی خان میں چار سالہ بچے کیخلاف ڈکیتی کا پرچہ درج کر دیا ۔ عدالت نے کمسن مجرم کے خلاف مقدمہ خارج کرنے کے احکامات جاری کردیئے ۔

پنجاب پولیس کو معاشرے میں دندناتے مجرم تو پہلے ہی کم دکھائی دیتے تھے اب اپنی صلاحیتیں بچوں پر آزمانا بھی شروع کر دی ہیں ۔ پولیس کو خانہ پری کے لیے ہر وقت کسی مجرم کی تلاش رہتی ہے ، چاہے اس کی عمر ابھی شیر خواری کی کیوں نہ ہو ۔ ڈیرہ غازی خان کے تھانہ دراہمہ کی پولیس نے پھرتیوں کی روایت برقرار رکھتے ہوئے چار سالہ بچے رشید کیخلاف ڈکیتی کا مقدمہ درج کر ڈالا ۔

(جاری ہے)

بچے کا والد کمسن مجرم کو کندھوں پر اٹھا کر عدالت میں لایا تو سبھی حیران رہ گئے ۔ ایڈیشنل سیشن جج نے بچے کو دیکھا تو پولیس کی سرزنش کی اور کہا چھوٹے بچے کب سے ڈکیتیاں کرنے لگے ہیں ۔ عدالت نے فوری طور پر مقدمہ خارج کرنے کے احکامات بھی دیئے ۔ بچے کے رشتہ دار بھی پولیس کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے اور کمرہ عدالت کے باہر مظاہرہ کیا ۔ ان کا مطالبہ تھا ڈکیتی کیس میں بچے کو ملوث کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔

متعلقہ عنوان :