ورلڈ کپ 2015ء :آسٹریلیانے انگلینڈ کے خلاف 111رنز سے کامیابی سمیٹ لی

ہفتہ 14 فروری 2015 16:12

ورلڈ کپ 2015ء :آسٹریلیانے انگلینڈ کے خلاف 111رنز سے کامیابی سمیٹ لی
میلبورن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار14۔فروری 2015ء ) ورلڈ کپ 2015ء کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 111رنز سے شکست دیدی ہے ۔ میلبورن کرکٹ گراؤنڈ ،میلبورن میں کھیلے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کر تے ہوئے مقررہ 50اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 342رنز بنائے ۔ اوپنر ایرون فنچ 135،گلین میکسویل 66اور جارج بیلی 55رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے ۔

انگلینڈ کی جانب سے سٹیون فن نے اننگز کے آخری اوور کی آخری تین گیندوں پر اپنی ہیٹ ٹرک سمیت 5کھلاڑی آؤٹ کیے ۔

(جاری ہے)

وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے انگلینڈ کے ورلڈ میں پہلے اور مجموعی طور پر چوتھے باؤلر بنے ۔ ان سے پہلے جیمز اینڈرسن ،اینڈریو فلنٹوف اور سٹیو ہار میسن یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں ۔ 343رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور 41.5اوورز میں پوری ٹیم 231رنز پر پوویلین لوٹ گئی ۔

مڈل آرڈر بلے باز جیمز ٹیلر نے 98ناٹ آؤٹ رنز کی دلیرانہ اننگز کھیلی تاہم انکے علاوہ کوئی برطانوی بلے باز کینگرو باؤلرز کا ڈٹ کر سامنا نہ کر سکا۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل مارش نے 5جبکہ مچل جونسن اور سٹارک نے 2،2کھلاڑی آؤٹ کیے ۔ ایرون فنچ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔