کراچی، پرویز مشرف غداری کیس کی سماعت پچیس مارچ تک ملتوی

مناسب ہوگا کہ لمبی تاریخ دے دی جائے ، عدالتی ریمارکس

منگل 17 فروری 2015 13:37

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17فروی 2015ء ) پرویز مشرف غداری کیس کی سماعت پچیس مارچ تک ملتوی کر دی گئی ، سابق صدر کے وکیل کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے مقدمے کی کارروائی روکنے کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم کہیں بھی چیلنج نہیں کیا۔جسٹس طاہرہ صفدر کی سرابرہی میں خصوصی عدالت کے دو رکنی بینچ نے پرویز مشرف غداری کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے موقع پر جسٹس طاہرہ صفدر نے استفسار کیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں مقدمے میں کیا پیش رفت ہوئی ہے جس پر پرویز مشرف کے وکیل فیصل چوہدری نے عدالت کو بتایا کہ ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

(جاری ہے)

جسٹس یاور علی نے کہا کہ کیا وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے خصوصی عدالت کو کارروائی روکنے کا حکم کہیں چیلنج کیا ہے۔ سابق صدر کے وکیل کا کہنا تھا وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم کہیں بھی چیلنج نہیں کیا۔

انہوں نے موقف اختیار کیا اسلام آباد ہائیکورٹ شریک ملزموں کے حوالے سے جب تک کوئی فیصلہ نہیں کر لیتی بہتر ہوگا کہ سماعت آگے نہ بڑھائی جائے۔ جسٹس یاور علی نے ریمارکس دئیے کہ مناسب ہوگا کہ لمبی تاریخ دے دی جائے تاکہ اسلام باد ہائیکورٹ میں معاملہ حل ہو جائے جس کے بعد کیس کی سماعت پچیس مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔