لاہور ہائیکورٹ نے محمد آصف ، محمد عامر اور سلمان بٹ کے اثاثے ضبط کرنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی

منگل 17 فروری 2015 16:31

لاہور ہائیکورٹ نے محمد آصف ، محمد عامر اور سلمان بٹ کے اثاثے ضبط کرنے ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17فروی 2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے محمد آصف ، محمد عامر اور سلمان بٹ کے اثاثے ضبط کرنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی اور اپنے ریماکس میں عدالت نے کہا ہے کہ بچوں کو بار بار سزا دینے سے قومی کرکٹ ٹیم پر برا اثر پڑے گا۔تفصیلات کے مطابق مصیبتوں میں گھرے کرکٹر محمد آصف ، محمد عامر اور سلمان بٹ کے لیے اس وقت ایک نئی مشکل کھڑی ہوگئی جب لاہور ہائیکورٹ میں سپاٹ فکسنگ کے الزام میں سزا پانے والے تینوں کرکٹرز کے اثاثے ضبط کرنے کی درخواست دائر کی گئی ۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ میں درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ تینوں کرکٹرز نے کرپشن کا اعتراف کیا ہے اور سزا بھی بھگت چکے ہیں ۔ ان کے غیر قانونی طور پر بنائے جانے والے تمام اثاثے ضبط کر کے کیس نیب کو بھجوایا جائے تاہم عدالتی فیصلے سے مشکلات کا شکار کھلاڑیوں نے سکون کا سانس لیا ۔ جسٹس محمود مقبول باجوہ نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ تینوں کرکٹرز کو سزا مل چکی ہے ، اب انہیں معاف کر دیں ۔ یہ بچے ہیں انہیں بار بار سزا دینے سے قومی ٹیم پر اثر پڑے گا ، عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی۔