سکھر،آل ریونیوسندھ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے ملازمین کی بڑی تعداد کی کام چھوڑ ہڑتال

منگل 17 فروری 2015 18:25

سکھر( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17فروری 2015ء)آل ریونیوسندھ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما سید سردار علی شاہ کی جانب سے دی جانی والی احتجاج کی کال پرسندھ سمیت سکھر میں بھی آل ریونیوسندھ ایمپلائز ایسوسی ایشن ضلع سکھر کی جانب سے ملازمین کی بڑی تعداد نے کام چھوڑ ہڑتال کی اور ڈپٹی کمشنر سکھر آفس سے ڈولفن چوک اور سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

ریلی و احتجاجی مظاہرے کی قیادت غلام حسین موریو ، دلشاد شاہ ، عبدالسلام پیچوہو ، پریس ترجمان زاہد حسین دایو و دیگر نے کی۔ اس موقع پر ملازمین کا کہنا تھا کہ حکومت کو ملازمین کے درپیش مسائل کے حل کیلئے ایک چارٹر آف ڈیمانڈ دیا گیا تھا جس کو گذرے کئی ماہ ہو چکے ہیں لیکن ابتک سندھ حکومت نے ریونیو کے ملازمین کا ایک مطالبہ بھی تسلیم نہیں کیا ،ہمارے تمام مطالبات جائز ہیں اور یہ ہمارا حق ہے اس وقت پورے سندھ کے ملازمین اپنے حقوق کیلئے سڑکوں پر نکل آئیں ہیں حکومت فوری ملازمین کے جائز مطالبات تسلیم کرتے ہوئے ان کے جائز حقوق انہیں فراہم کریں۔

(جاری ہے)

بصورت دیگر ہمارا احتجاج جاری رہیگا۔ دوسری جانب پریس ترجمان زاہد حسین دایو کے مطابق مطالبات تسلیم نہ ہونے تک سکھر کے تمام ملازمین اپنے بازؤں پر سیاہ پٹی باندھ کراپنا احتجاج جاری رکھتے ہوئے اپنے ڈیوٹیاں سر انجام دینگے ۔