ٹنڈولکر ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستان پر لفظی تیر برسانے لگے

بدھ 18 فروری 2015 11:49

ٹنڈولکر ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستان پر لفظی تیر برسانے لگے
کلکتہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار18۔فروری 2015ء ) سابق بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستانی ٹیم پر لفاظی تیر بر سانے لگے ۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ کیلیے منتخب پاکستانی اسکواڈ پر سچن ٹنڈولکر نے بھی انگلی اٹھا دی، انھوں نے کہا کہ اتوار کے میچ میں شیکھر دھون اور ویرات کوہلی نے اچھی بنیاد فراہم کی اور پھر سریش رائنا نے کپتان مہندرا سنگھ دھونی کا کام آسان کردیا، گرین شرٹس بروقت وکٹیں حاصل نہ کرسکے، محمد عرفان کیلیے بھی اچھا دن نہ تھا، بھارت نے کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے 320سے زائد کا ہدف دینے کا منصوبہ بنایا ہوگا جس میں تھوڑی کمی رہ گئی۔

انھوں نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ میں اب 275 سے 300تک رنز کا ٹوٹل عام ہے، اگر پاکستان بہتر بیٹنگ کرتا تو سخت مقابلہ ہوسکتا تھا لیکن بھارتی بولرز نے حکمت عملی کے مطابق اچھی بولنگ کی، ٹنڈولکر نے مزید کہا کہ پاکستانی ٹیم میں مصباح الحق کے سوا زیادہ کوالٹی پلیئرز موجود نہیں، البتہ شاہد آفریدی بھی کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

بھارت ایک بہتر سائیڈ کے طور پر میدان میں ابھرا اور اچھے کھیل کی بدولت کامیابی حاصل کی۔

انھوں نے کہا کہ بلو شرٹس اپنی صلاحیتوں کے مطابق کھیلیں تو فیورٹس آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے معیار کو چھو کر اعزاز کا دفاع کرسکتے ہیں، بیٹنگ لائن مزید بہتر کارکردگی دکھانے کی اہلیت رکھتی ہے جبکہ بولرز عمدہ کھیل کا تسلسل برقرار رکھ سکتے ہیں، ٹنڈولکر نے کہا کہ پروٹیز پاکستان کے مقابلے میں زیادہ مضبوط اور بڑا خطرہ ہیں، انھیں شکست دینے کے لیے اچھی اوپنگ شراکت کے ساتھ وکٹوں کے درمیان بہتر رننگ کی بھی سخت ضرورت ہوگی۔

متعلقہ عنوان :