کھلاڑی فرنٹ فٹ پر آنے سے خوفزدہ ہیں،سابق کپتان وسیم اکرم کا انٹرویو

بدھ 18 فروری 2015 12:53

کھلاڑی فرنٹ فٹ پر آنے سے خوفزدہ ہیں،سابق کپتان وسیم اکرم کا انٹرویو

کرائسٹ چرچ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18فروی 2015ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے عالمی کپ میں کارکردگی بہتر بنانے کے لیے پاکستانی ٹیم کی مدد کرنے کی خواہش کرنے کا اظہار کردیا۔ایک انٹرویو کے دوران وسیم اکرم نے کہا کہ المیہ یہ ہے کہ پاکستان کرکٹ حکام یا ٹیم میں سے کسی نے بھی مجھ سے تجاویز لینے کے لیے رابطہ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ یہیں موجود ہیں اور چاہتے ہیں کہ کھلاڑیوں کی کنڈیشنز میں ایڈجسٹ ہونے میں مدد کریں تاکہ وہ ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دکھاسکیں۔

48 سالہ وسیم نے کہا کہ مجھ پر اکثر یہ الزام لگتا ہے کہ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی مدد نہیں کرتا اور دوسرے ممالک کے کھلاڑیوں کی مدد کرتا ہوں لیکن یہ بات درست نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر اب کھلاڑی مجھ سے کچھ پوچھتے ہیں تو میں ان کی مدد کروں گا کیوں کہ میں جدید کرکٹ کے بارے میں کافی جانتا ہوں اور پاکستان کو ناک آوٴٹ اسٹیج میں دیکھنا چاہتا ہوں۔

(جاری ہے)

وسیم اکرم نے کہا کہ جب تک ہمارے کھلاڑی فرنٹ فٹ پر نہیں آئیں گے انہیں مشکلات کا سامنا رہے گا۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف ہمارے کھلاڑی آگے آکر نہیں کھیل رہے تھے جیسے باوٴلرز بال نہیں گرینیڈ پھینک رہے ہوں۔سابق کپتان نے کہا کہ مجھے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں کھیلنے کا کافی تجربہ ہے لیکن مجھے سمجھ نہیں آرہا کہ بورڈ اور ٹیم مینجمنٹ مجھ سے مدد لینے میں کیوں شرما رہی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ انہیں بورڈ میں کوئی عہدہ نہیں چاہیے، وہ صرف پاکستان کو ناک آوٴٹ اسٹیج میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس کے بعد کچھ بھی ہوسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :