میاں منظوراحمد وٹو سے انکی رہائشگاہ پر سربراہ ہزارہ صوبہ بابا حیدر زمان کی ملاقات

بدھ 18 فروری 2015 17:35

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18فروی 2015ء ) پیپلز پارٹی پنجاب سنٹرل پنجاب کے صدر میاں منظوراحمد وٹو سے سربراہ ہزارہ صوبہ بابا حیدر زمان نے ملاقات کے دوران ہزارہ صوبہ کے لیے انکی حمایت حاصل کرنے کی گذارش کی۔ میاں منظور احمد وٹو نے اس موقع پر کہا کہ پیپلز پارٹی ملک میں بدلتے ہوئے حالات کے پیش نظر نئے صوبوں کے قیام کے حق میں ہے اسی لیے اس نے جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کی جدوجہد میں کلیدی کردار ادا کیا تھا کیونکہ پارٹی سمجھتی تھی کہ وہاں کے لوگوں کی معاشی اور سیاسی محرومیوں کا ازالہ نئے صوبہ بنانے سے ہی ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے صوبے کا قیام وہاں کے لوگوں کے مسائل، تکالیف اور مشکلات کا واحد حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر ہزارہ کو صوبہ بنانے کے حق میں ہیں کیونکہ وہاں کے لوگ اسمبلیوں کے تمام اراکین کا یہ درینہ مطالبہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پنجاب اسمبلی میں جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کے لیے متفقہ قرارداد پاس کروائی پھر یہی قرارداد قومی اسمبلی اور سینیٹ سے بھی پاس ہوئی۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت نے اس ضمن میں کوئی پیشرفت اس لیے نہیں کی کیونکہ یہ حکومت وہاں کے لوگوں کے سیاسی، معاشی اور سماجی مسائل کے حل میں مخلص نہیں ہے۔ انہوں نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ کے دوران جنوبی پنجاب کے لیے ریکارڈ ترقیاتی فنڈز مختص کرنے کے اعلان تو کئے جاتے ہیں لیکن مالی سال کے دوران ان ترقیاتی فنڈز کو لاہور اور اپنی من پسند کے بڑے بڑے منصوبوں کو مکمل کرنے کے لیے ٹرانسفر کر دئیے جاتے ہیں جو کہ پسماندہ علاقوں کے لوگوں کے ساتھ ایک بونڈے مذاق کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح مقامی حکومتوں کے دور درزا کے اضلاع میں صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کی ناگفتہ بے حالت پنجاب حکومت کی گڈ گورننس کی کلی کھول دینے کے لیے کافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے صوبے بننے سے ان کو صوبائی اور اپنے حصے کے قومی و مالی وسائل پر پورا پورا حق حاصل ہو گا اور وہ انہیں اپنے علاقے کے عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں گے جس سے وہاں کے لوگوں کا معیار زندگی بلند ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اختیارات کی مرکزیت کے خلاف ہے اس لیے یہ سمجھتی ہے کہ نئے صوبوں کا قیام وفاق کو مضبوط کرنے کے علاوہ عام لوگوں کے بہترین مفاد میں بھی ہے۔

متعلقہ عنوان :