زمبابوے نے متحدہ عرب امارات کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی

جمعرات 19 فروری 2015 14:12

زمبابوے نے متحدہ عرب امارات کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی

نیلسن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19فروی 2015ء) آئی سی سی ورلڈ کپ کے آٹھویں میچ میں زمبابوے نے متحدہ عرب امارات کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا۔نیوزی لینڈ کے شہر نیلسن کے سیکسٹن اوول میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے 286 رنز کا ہدف 48 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پورا کرلیا، زمبابوے کے اوپنرز نے ہدف کے تعاقب میں ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور 64 رنز کی شراکت قائم کی تاہم سکندر رضا 46 کے افرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے، زمبابوے کے دوسرے آوٴٹ ہونے والے کھلاڑی ہیملٹن مساکڈزا تھے جو 72 کے مجموعے پر صرف ایک رن بنا کر آوٴٹ ہوئے، زمبابوے کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے سین ولیمز تھے جو 76 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ناٹ آوٴٹ رہے جب کہ برینڈن ٹیلر 47 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، دیگر کھلاڑیوں میں ریگس چاکبوا 35، کریگ اروائن 42 اور سولومن مائر 9۔

(جاری ہے)

متحدہ عرب امارات کی جانب سے محمد توقیر نے 2 جب کہ محمد نوید، امجد جاوید، ناصر عزیز اور کرشنا چندرن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ بہترین پارفارمنس پر سین ولیمز کو مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔قبل ازیں یو اے ای نے زمبابوے کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز 7 وکٹوں کے نقصان پر 285 رنز اسکور کئے۔ یو اے ای نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو خلیجی ٹیم کو پہلا نقصان 26 پر ہوا جب امجد علی 7 رنز بنا کر آوٴٹ ہو گئے جب کہ 40 کے مجموعی اسکور پر آندرے برنگر 22بھی رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد تیسری وکٹ کے لئے کرشنا چندرن اور خرم خان کے درمیان 82 رنز کی شراکت ہوئی، کرشنا 34 جب کہ خرم 45 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔ سواپنل پٹیل اور شائمن انور کے درمیان بھی 82 رنز کی ساجھے داری ہوئی، سواپنل 32 اور شائمن 50 گیندوں پر جارحانہ 67 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔ زمبابوے کی جانب سے ٹنڈئی چٹارا نے 3 جب کہ سولومن مائر اور سین ولیمز نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔