رواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی،پاکستانی معیشت کوچیلنجز کا سامنا رہا۔رپورٹ

جمعرات 19 فروری 2015 15:05

رواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی،پاکستانی معیشت کوچیلنجز کا سامنا رہا۔رپورٹ

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19فروی 2015ء)رواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی کے دوران پاکستانی معیشت کوچیلنجز کا سامنا رہا،جاری اور مالیاتی کھاتوں کے خسارے میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ تجارتی خسارہ بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں 1.6 فیصد بڑھ گیا۔پاکستانی معیشت کو مالی سال پندرہ کی پہلی سہ ماہی میں کئی چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ پاکستانی معیشت کی کیفیت کے عنوان سے پارلیمنٹ میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق مالی سال 15 کے ابتدائی مہینوں میں پاکستانی معیشت کو آئی ایم ایف کے ساتھ جائزہ مکمل نہ ہونے اسلام آباد کے سیاسی منظر نامے اور پنجاب میں سیلاب جیسے خطرات درپیش رہے ۔

پہلی سہ ماہی میں جاری اور مالیاتی کھاتوں کا خسارہ زیادہ رہا جبکہ تجارتی خسارہ گذشتہ سال کے مقابلے میں 1.6 ارب ڈالر بڑھ گیا ۔

(جاری ہے)

سہ ماہی کے دوران ترسیلات زر 765 ملین ڈالر بڑھ جانے کی وجہ سے اس اضافے کی جزوی تلافی ہو گئی ۔ رپورٹ کے مطابق جاری خسارہ ، بازار مبادلہ کی غیر یقینی کیفیت ان کلیدی عوامل میں شامل تھا جو زری پالیسی کو جولائی تا ستمبر 2014 کے دوران سخت رکھنے کا سبب بنے ۔

پہلی سہ ماہی میں حکومتی قرض پچھلے سال کے مقابلے میں کم رہا جبکہ حکومت نے مرکزی بینک کے بجائے کمرشل بینکوں سے زیادہ قرض لیا ۔ صنعتی شعبہ کی کارکردگی ملی جلی رہی ۔ تعمیراتی سرگرمیوں میں تیزی آئی تاہم بڑے پیمانے کی صنعتوں کی نمو گیس کی قلت کے سبب کم رہی ۔ شعبہ اجناس کی نمو کمزور رہی ۔ عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں کم ہونے سے معیشت کوفائدہ ہوگا ۔ مہنگائی ابتدائی توقعات سے کم رہنے کا امکان ہے ۔ رپورٹ میں مالیاتی خسارے کا ساختی جزو کم کرنے کے لئے اہم اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے ۔