Live Updates

تحریک انصاف کا شاہ محمود قریشی بارے میڈیا میں شائع خبروں پر اظہار افسوس

جمعرات 19 فروری 2015 16:16

تحریک انصاف کا شاہ محمود قریشی بارے میڈیا میں شائع خبروں پر اظہار افسوس

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19فروی 2015ء) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے حوالے سے میڈیا کے بعض حلقوں میں شائع کی جانے والی جعلی خبروں پر انتہائی افسوس اور حیرت کا اظہار کیاہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سے منسوب غلط اطلاعات کی باضابطہ تردید کے بعد بھی میڈیا کے بعض حلقوں کی جانب سے ان کی اشاعت افسوسناک ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سمیت تحریک انصاف کی قیادت کی غیر ملکی سفراء سے ملاقاتوں سے بخوبی آگاہ ہیں۔ بلکہ چیئرمین عمران خان نے وائس چیئرمین اور دیگر قائدین کو غیر ملکی سفراء سے روابط قائم کرنے اور اہم قومی اور بین الاقوامی معاملات پر تحریک انصاف کے نکتہ نظر سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کے مطابق وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی چیئرمین عمران خان سے غیر ملکی قائدین اور سفراء سے ملاقاتوں کے موقع پر بھی موجود ہوا کرتے ہیں۔ چنانچہ اس حوالے سے افواہ سازی کا مقصد تحریک انصاف کی قیادت کے مابین شکوک و شبہات پیدا کرنا ہے اور ہم یقین دلاتے ہیں کہ اس قسم کے حربے اور سازشیں بار آور ثابت نہ ہو سکیں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات