شجاعت حسین سے بابا حیدر زمان کی ملاقات ،ہزارہ بناؤ صوبہ کی تحریک کے سلسلہ میں جلسہ میں شرکت کی دعوت

جمعرات 19 فروری 2015 16:23

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19فروی 2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین سے صوبہ ہزارہ تحریک کے چیئرمین بابا حیدر زمان نے وفد کے ہمراہ ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور 12اپریل کو ایبٹ آباد اور لاہور میں ہزارہ بناؤ صوبہ کی تحریک کے سلسلہ میں جلسہ میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکمران اپنے دیگر وعدوں کی طرح ہزارہ کے عوام کے ساتھ کیے ہوئے وعدے بھی بھول گئے ہیں، آپ ہمارا ساتھ دیں، عوام کا کوئی مددگار نہیں ہے، وفاقی حکومت دہشت گردوں کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔

چودھری شجاعت حسین نے بابا حیدر زمان کے موٴقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہزارہ کے عوام کے ساتھ ہیں اور ان کے ہزارہ کو صوبہ بنانے کی سب سے پہلے حمایت کر چکے ہیں اور ان کے فیصلے کی بھرپور تائید کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ سسٹم میں اصلاحات کی اشد ضرورت ہے، دہشت گردی اور لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کو کنٹرول کرنا موجودہ حکومت کے بس میں نہیں، تمام سیاسی جماعتوں نے اے پی سی میں حکومت کو مکمل اختیار دیا تھا مگر دہشت گردی کے واقعات میں روزبروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے جو قابل تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ ہزارہ تحریک کے جب جلسے منعقد ہوں گے تو ہم اس میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے بابا حیدر زمان کی خواہش پر صوبہ بناؤ تحریک کونسل میں پاکستان مسلم لیگ کا ایک نمائندہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے انہیں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ ملاقات میں چودھری شفاعت حسین، شافع حسین اور میاں عمران مسعود موجود تھے۔ جبکہ وفد میں سلطان العارفین، طاہر ملک، ملک محمد سجاد، سردار گوہر زمان، سردار یوسف، نعیم اشرف درانی اور اظہر خان شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :