شاہینوں نے کرائسٹ چرچ میں ساڑھے چار گھنٹے کی سخت ترین پریکٹس کی

جمعرات 19 فروری 2015 17:28

شاہینوں نے کرائسٹ چرچ میں ساڑھے چار گھنٹے کی سخت ترین پریکٹس کی

کرائسٹ چرچ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19فروی 2015ء)قومی کرکٹ ٹیم بھارت کیخلاف شکست کوبھلا کر اگلے میچز میں کم بیک کرنے کیلئے پرعزم ہے۔گذشتہ روز کرائسٹ چرچ میں کھلاڑیوں نے کوچز کی زیرنگرانی ساڑھے چار گھنٹے سخت ٹریننگ کی۔قومی کرکٹ ٹیم ورلڈکپ کے پہلے میچ میں شکست کو بھلاکر اگلے میچزجیتنے کیلئے پرعزم ہے۔ جس کیلئے کھلاڑی جی جان سے پریکٹس کررہے ہیں۔

گذشتہ روز کوچز کی زیرنگرانی ٹیم کے تمام ممبرز نے ساڑھے چار گھنٹے سخت ٹریننگ کی۔کھلاڑیوں کو تازہ دم کرنے کیلئے وکٹوریہ اسکوائر لے جایا گیا جہاں پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے فین زون قائم کیا گیا ہے۔پہلے ہی نیوزی لینڈ میں بڑے پیمانے پر فین زون میں پاکستانی ٹیم کی آمد کی تشہیر کرتے ہوئے شائقین کو مدعو کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

جس کی وجہ سے تارکین وطن کی ایک بڑی تعداد اس موقع پر جمع تھی۔

وہاں پر روایتی ٹرام کو پاکستانی پرچموں سے سجایا گیا تھا۔ کھلاڑیوں نے ٹرام کی سواری بھی کی۔ اس موقع پر کمسن پرستاروں نے پلیئرزکا حوصلہ بڑھایا۔وہاں موجود شائقین نے ملی نغمے گائے۔ کھلاڑیوں کے ساتھ تصاویربنوائیں۔ اور بیٹس پر آٹو گرافس لئے۔کرائسٹ چرچ سٹی کونسل کی جانب سے پاکستان ٹیم کا آفیشل طور پر قدیم ماوٴری انداز میں استقبال کیا گیا۔تازہ دم کھلاڑیوں نے اس کے بعد طویل ٹریننگ سیشن میں بولنگ ،بیٹنگ اورفیلڈنگ کی بھرپور ٹریننگ کی۔کوچز نے انفرادی طور پربھی پلیئرز کو مشقیں کرائیں اور ان کی معمولی خامیوں کو دور کرنے پر خاص توجہ دی گئی۔ وڈیوز کے ذریعے حریف ٹیم کی مثبت اورمنفی پہلووں سے بی آگاہی دی گئی۔