پاکستان کے خلاف میچ میں شاہد آفریدی، محمد عرفان اور یونس خان پر کڑی نگاہ رکھیں گے، جیسن ہولڈر

جمعہ 20 فروری 2015 12:14

پاکستان کے خلاف میچ میں شاہد آفریدی، محمد عرفان اور یونس خان پر کڑی ..

کرائسٹ چرچ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20فروی 2015ء) ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کپتان جیسن ہولڈر نے کہاہے کہ پاکستان کے خلاف میچ میں شاہد آفریدی اور یونس خان پر کڑی نگاہ رکھیں گے کیونکہ یہ دونوں کھلاڑی پرفارم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جیسن ہولڈر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز اپنے پہلے میچ ہار چکے ہیں لہٰذا دونوں ٹیموں کو ایک جیسی صورتِ حال کا سامنا کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے مقابلے میں پاکستان کی کارکردگی زیادہ بہتر نہیں رہی۔جیسن ہولڈر کے مطابق وہ 21 فروری کو پاکستان کے خلاف میچ میں شاہد آفریدی، یونس خان اور محمد عرفان پر خصوصی نظر رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ یونس خان انٹرنیشنل کرکٹ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور اسی لیے ہم نے ان پر نظر رکھنے کے لیے باقاعدہ منصوبہ بندی کرنی ہے۔

(جاری ہے)

ویسٹ انڈیز کے کپتان کا کہنا تھا ’ہم نے آئر لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں اپنی غلطیوں اور کمزوریوں پر غور کیا ہے اور نیٹ پریکٹس میں ان کو دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

جیسن ہولڈر نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے کرکٹ شائقین آئرلینڈ سے شکست کے بعد دلبرداشتہ ہوں گے لیکن ہم انھیں فتوحات سے مطمئن کرنے کی کوشش کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ آئرلینڈ کے خلاف ویسٹ انڈیز کی بولنگ اچھی نہیں تھی لیکن ہمیں یہ سب کچھ بھلا کر آگے بڑھنا اور پاکستان کے خلاف بہتر پرفارم کرنا ہے۔جیسن ہولڈر نے پہلے تو برائن لارا کے اس بیان پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا مگر دوبارہ پوچھنے پر کہا کہ ٹیم سلیکشن کی بات پرانی ہو چکی ہے اور اب پوری ٹیم نے اپنی توجہ صرف اور صرف ورلڈ کپ پر مرکوز کی ہوئی ہے۔