کالی آندھی کے خلاف میچ میں گیل اور سیموئلز خطرہ ہیں ،جلد آؤٹ کرنا ہوگا ‘ اقبال قاسم

جمعہ 20 فروری 2015 13:01

کالی آندھی کے خلاف میچ میں گیل اور سیموئلز خطرہ ہیں ،جلد آؤٹ کرنا ہوگا ..

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20فروی 2015ء)لیجنڈری سپنر اور قومی ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر اقبال قاسم نے کہا ہے کہ آفریدی اور یاسر شاہ ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں ٹیم کی جیت کیلئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ کالی آندھی میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں اسلئے کھلاڑیوں کو ڈٹ کر مقابلے کیلئے تیار رہنا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آفریدی نے 2011ء میں کھیلے گئے عالمی کپ کے کوارٹر فائنل میں عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا تھا، امید ہے کہ وہ اسی کارکردگی کو دوہراتے ہوئے ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ یاسر شاہ روایتی حریف کے خلاف دباؤ میں نظر آئے لیکن اگر وہ کالی آندھی کے خلاف اعتماد سے باؤلنگ کرتے ہیں تو کامیاب ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ گیل، سیموئلز، سیمنز اور رسل گرین شرٹس کیلئے خطرہ ہیں، ہمارے باؤلرز کو انہیں جلد آؤٹ کرنے کیلئے مربوط حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنا ہو گا، کیچز ڈراپ کرنے کی گنجائش نہیں میچ میں کامیابی کیلئے تینوں شعبوں میں سخت محنت کرنا ہو گی۔