کرکٹ ورلڈ کپ ، ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں پاکستان کو عبرتناک شکست

ہفتہ 21 فروری 2015 10:48

کرکٹ ورلڈ کپ ، ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں پاکستان کو عبرتناک شکست
کرائسٹ چرچ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار21۔فروری 2015ء ) آئی سی سی ورلڈ کپ کے 10ویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 150رنز سے عبرتناک شکست دے دی ۔ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی پوری ٹیم 311 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 39 اوورز میں 160 رنز پر ڈھیر ہوگئی، پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو حسب روایت پاکستان کے ابتدائی بلے باز جلد پویلین لوٹ گئے اور پاکستان کی آدھی ٹیم 25 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

ناصر جمشید پہلے اوور کی دوسری گیند پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جب کہ یونس خان بھی گولڈن ڈک ہو گئے، حارث سہیل نے 6 گیندوں کا سامنا کیا لیکن اپنا کھاتا نہ کھول پائے جب کہ احمد شہزاد بھی 10 گیندوں پر ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی بیٹنگ لائن میں ریڑھ کی ہڈی تصور کئے جانے والے مصباح الحق کا سفر بھی 7 رنز پر اختتام پذیر ہوا۔

اس صورتحال میں صہیب مقصود اور عمر اکمل نے کیریبئن بولرز کے سامنے کچھ مزاحمت کا مظاہر کیا اور 80 رنز کی شراکت قائم کی تاہم 105 کے مجموعے پر صہیب مقصود بھی 50 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ عمر اکمل بھی 59 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، دیگر کھلاڑیوں میں شاہد آفریدی 28، وہاب ریاض 3 اور سہیل خان ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کے جیروم ٹیلر اور آنڈرے رسل نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ سلیمین بین 2، جیسن ہولڈر اور دیرن سیمی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹگ کی دعوت دی تو کیریبین سائڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 310 رنز بنائے۔ قومی ٹیم کی جانب سے ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا گیا اور پانچویں اوور میں محمد عرفان کی گیند پر ناصر جمشید نے ڈیوائن اسمتھ کا آسان کیچ ڈراپ کیا لیکن اگلی ہی گیند پرعرفان نے کرس گیل کو وہاب ریاض کے ہاتھوں 4 رنز پر کیچ آؤٹ کرادیا۔

آٹھویں اوور میں ڈیوائن اسمتھ 23 رنز بنا کر سہیل خان کی گیند پر سلپ میں کیچ آؤٹ ہوئے۔ 19 ویں اوور میں عمر اکمل نے مارلن سیموئلز کا آسان کیچ ڈراپ کیا جب کہ ویں20 اوور میں شاہد آفریدی نے بھی وہاب ریاض کی گیند پر مارلن سیموئلز کا کیچ چھوڑا، 2 کیچز ڈراپ ہونے کے باوجود مارلن سیموئلز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 38 رنز بنا کر حارث سہیل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

شاہد آفریدی نے 29 ویں اوور میں ڈیرن براوو کا بھی 45 رنز پر کیچ ڈراپ کیا۔ دنیش رامدین 43 گیندوں پر 51 رنز بنا کر حارث سہیل کا دوسرا شکار بنے۔ محمد عرفان نے 46 ویں اوور میں وہاب ریاض کی گیند پر لیڈی سمنز کا کیچ چھوڑ دیا۔ ڈیرن سیمی 30 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے دنیش رامدین 51، لنڈل سمنز 50،ڈیرن براوو 49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ آندرے رسلز نے طوفانی اننگز کھیلتے ہوئے صرف 13 گیندوں پر 42 رنز بنائے جس میں 4 چھکے اور 3 چوکے شامل ہیں۔ قومی ٹیم کی جانب سے حارث سہیل نے 2، محمد عرفان، وہاب ویاض اور سہیل خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔