دن کی روشنی میں پاکستان کی دنیا اندھیر

ہفتہ 21 فروری 2015 11:57

دن کی روشنی میں پاکستان کی دنیا اندھیر

کرائسٹ چرچ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21فروی 2015ء) ورلڈکپ کے دوران کالی آندھی میں شاہین پروازہی کرسکے ،بدترین شکست سے دوچار،ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 150رنز سے عبرتناک شکست دیدی،ویسٹ انڈیز نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 310 رنز بنائے،قومی ٹیم کھیل کے تمام شعبوں میں بری طرح ناکام،فیلڈرزنے6کیچز چھوڑے،، دنیش رامدین 51، لنڈل سمنز 50،ڈیرن براوو 49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ آندرے رسل نے طوفانی اننگز کھیلتے ہوئے صرف 13 گیندوں پر 42 رنز بنائے،حارث سہیل نے 2وکٹیں حاصل کیں،پاکستانی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 39 اوورز میں 160 رنز پر ڈھیر،ایک رن پر 4بلے باز پویلین لوٹ گئے،پہلے پانچ بلے بازوں سمیت مجموعی طورپر8کھلاڑی ڈبل فگرمیں داخل نہ ہوسکے،عمر اکمل 59 ، صہیب مقصود 50 اورشاہد آفریدی 38رنز بناکر نمایاں،جیروم ٹیلر اور آندرے رسل نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا ،آندررے رسل کو مین آ ف دی میچ قراردیا گیا۔

(جاری ہے)

ہفتہ کویہاں نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول گراوٴنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کیریبین سائیڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 310 رنز بنائے۔ قومی ٹیم کی جانب سے ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا گیا اور پانچویں اوور میں محمد عرفان کی گیند پر ناصر جمشید نے ڈیوائن اسمتھ کا آسان کیچ ڈراپ کیا لیکن اگلی ہی گیند پرعرفان نے کرس گیل کو وہاب ریاض کے ہاتھوں 4 رنز پر کیچ آوٴٹ کرادیا۔

آٹھویں اوور میں ڈیوائن اسمتھ 23 رنز بنا کر سہیل خان کی گیند پر سلپ میں کیچ آوٴٹ ہوئے۔19 ویں اوور میں عمر اکمل نے مارلن سیموئلز کا آسان کیچ ڈراپ کیا جب کہ ویں20 اوور میں شاہد آفریدی نے بھی وہاب ریاض کی گیند پر مارلن سیموئلز کا کیچ چھوڑا، 2 کیچز ڈراپ ہونے کے باوجود مارلن سیموئلز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 38 رنز بنا کر حارث سہیل کی گیند پر کیچ آوٴٹ ہوگئے۔

شاہد آفریدی نے 29 ویں اوور میں ڈیرن براوو کا بھی 45 رنز پر کیچ ڈراپ کیا۔ دنیش رامدین 43 گیندوں پر 51 رنز بنا کر حارث سہیل کا دوسرا شکار بنے۔ محمد عرفان نے 46 ویں اوور میں وہاب ریاض کی گیند پر لینڈل سمنز کا کیچ چھوڑ دیا۔ ڈیرن سیمی 30 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر آوٴٹ ہوئے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے دنیش رامدین 51، لنڈل سمنز 50،ڈیرن براوو 49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ آندرے رسل نے طوفانی اننگز کھیلتے ہوئے صرف 13 گیندوں پر 42 رنز بنائے جس میں 4 چھکے اور 3 چوکے شامل ہیں۔

قومی ٹیم کی جانب سے حارث سہیل نے 2، محمد عرفان، وہاب ویاض اور سہیل خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 311 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 39 اوورز میں 160 رنز پر ڈھیر ہوگئی، پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو حسب روایت پاکستان کے ابتدائی بلے باز جلد پویلین لوٹ گئے اور پاکستان کی آدھی ٹیم 25 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ ناصر جمشید پہلے اوور کی دوسری گیند پر بغیر کوئی رن بنائے آوٴٹ ہوئے جب کہ یونس خان بھی گولڈن ڈک ہو گئے، حارث سہیل نے 6 گیندوں کا سامنا کیا لیکن اپنا کھاتا نہ کھول پائے جب کہ احمد شہزاد بھی 10 گیندوں پر ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی بیٹنگ لائن میں ریڑھ کی ہڈی تصور کئے جانے والے مصباح الحق کا سفر بھی 7 رنز پر اختتام پذیر ہوا۔اس صورتحال میں صہیب مقصود اور عمر اکمل نے کیریبئن بولرز کے سامنے کچھ مزاحمت کا مظاہر کیا اور 80 رنز کی شراکت قائم کی تاہم 105 کے مجموعے پر صہیب مقصود بھی 50 رنز کی اننگز کھیل کر آوٴٹ ہوئے جب کہ عمر اکمل بھی 59 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، دیگر کھلاڑیوں میں شاہد آفریدی 28، وہاب ریاض 3 اور سہیل خان ایک رن بنا کر آوٴٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کے جیروم ٹیلر اور آندرے رسل نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3، 3 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا جب کہ سلیمان بین 2، جیسن ہولڈر اور ڈیرن سیمی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

متعلقہ عنوان :