ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیم تینوں شعبوں میں ناکام رہی،ٹیم مشکل صورتحال سے گزررہی ہے، شکست سے ٹیم میں اختلافات کا تاثر نہ لیا جائے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کی پریس کانفرنس

ہفتہ 21 فروری 2015 14:10

ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیم تینوں شعبوں میں ناکام رہی،ٹیم مشکل صورتحال سے ..

کرائسٹ چرچ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21فروی 2015ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ٹیم کی بدترین کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اپنی غلطیوں سے سبق سیکھنے کی عادت ڈالنی ہوگی، آج کے میچ میں صرف بولنگ بیٹنگ ہی نہیں ٹیم کی کارکردگی تینوں شعبوں میں ناکام رہی۔ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست کے بعد، منہ اور گردن لٹکائے ہمیشہ کی طرح کپتان مصباح الحق نے پریس کانفرنس میں پھر ناکامیوں کا اعتراف کر ڈالا۔

کئی چبھتے سوالوں کے جوابات میں کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ہمیں انفرادی کھیل کے بجائے اجتماعی کھیل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔مصباح الحق نے کہا کہ ٹیم پہلے10 اوورز میں شدید دباوٴ کا شکار ہوئی، ہمیں اپنی حکمت عملی پر دوبارہ غور کرنا ہوگا، غلطیوں سے سبق سیکھنے کی عادت ڈالنی ہوگی، پاکستان کیلئے ہر میچ میں کامیابی لازمی ہے۔

(جاری ہے)

بدترین شکست پر کسی کو موردہ الزام ٹھہرائے جانے کے بجائے کپتان کا کہنا تھا کہ شکست کا الزام کسی کو نہیں دینا چاہتا، انفرادی کارکردگی پر میچز نہیں جیتے جاتے، آج ٹیم کی کارکردگی تینوں شعبوں میں ناکام رہی، بیٹس مین نئی گیند کے ساتھ اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکے، کارکردگی میں بہتری کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، اچھی کارکردگی دکھا کر ہی موجودہ صورت حال سے نکل سکتے ہیں۔

مصباح الحق نے کہاکہ ورلڈکپ میں ٹیم مشکل صورتحال سے گزررہی ہے، ا ٓگے بڑھنے کا راستہ دشوارہوگیا، شکست سے یہ تاثر نہیں لیا جائے کہ ٹیم اختلافات کا شکار ہے۔انہوں نے کہاکہ صہیب مقصود اور عمر اکمل نے ٹیم کو مشکلات سے نکالنے کی بھرپور کوشش کی لیکن ہمیں اگر ورلڈ کپ میں آگے جانا ہے تو انفرادی کھیل کے بجائے ٹیم بن کر کھیلنا ہوگا اور اگلے میچز جیتنے کے لئے سخت محنت کرنی ہوگی۔مصباح الحق کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم پہلے بھی مشکلات سے گزر کر میچز جیتی اور اب بھی یہ صلاحیت رکھتی ہے، ٹیم کو فتح کے راستے پر گامزن کرنے کے لئے ہمیں اپنی حکمت عملی پر دوبارہ سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :