خیرپور،حادثات وواقعات میں بچے سمیت 3 افراد جاں بحق، 4 زخمی

ہفتہ 21 فروری 2015 14:19

خیرپور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21فروی 2015ء) حادثات وواقعات میں بچے سمیت 3 افراد جاں بحق، 4 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق رسول آباد کے قریب گوٹدھ سکھیو سولنگی میں نوجوان بدرالدین سولنگی نے پستول سے فائر کرکے خودکشی کرلی، لاش ضابطے کی کارروائی کیلئے اسپتال لے جائی گئی جبکہ خودکشی کی وجہ گھریلو مسائل اور بیروزگاری بتائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

ہنگورجا قومی شاہراہ اسلام کاٹن فیکٹری کے سامنے تیز رفتار ویگن اور موٹر سائیکل کے تصادم کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار جان محمد سولنگی شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر مقامی اسپتال لے جایا گیا جہاں حالت تشویشناک ہونے پر سول اسپتال خیرپور لے جایا جارہا تھا کہ راستے میں دم توڑ گیا۔

پکاچانگ کے قریب گوٹھ پیر دادلو میں واٹر کورس میں ڈوب کر ڈھائی سالہ بچہ ایاز علی ولد نذیر احدم چانگ جاں بحق ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ کھیلنے کے دوران واٹر کورس میں جا گرا۔ لاپتہ ہونے پر تلاش کیا گیا تو لاش واٹر کورس سے برآمد ہوئی۔ گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ رانی پور سوبھو دیر لنک روڈ پر 2 موٹر سائیکل تیز رفتاری کے باعث آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں محمد زمان، جمشید بھائی خان، عاشق حسین اور اعتبار علی زخمی ہوگئے، زخمیوں کو اسپتال پہنچا دیا گیا۔