پاکستانی ٹیم انتظامیہ اور کھلاڑیوں کی میڈیا سے بات چیت پر پابندی

پیر 23 فروری 2015 14:14

پاکستانی ٹیم انتظامیہ اور کھلاڑیوں کی میڈیا سے بات چیت پر پابندی

برسبین (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23فروی 2015ء)پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے کھلاڑیوں کے میڈیا سے رابطے پر پابندی لگادی ۔ ٹیم کے ساتھ سفر کرنے والے جنرل منیجر میڈیا آغا اکبر نے ایک ای میل کے ذریعے آگاہ کیا ہے کہ جمعے تک پاکستانی ٹیم کا کوئی کھلاڑی یا آفیشل میڈیا سے بات چیت نہیں کرے گا۔

(جاری ہے)

میڈیا میں آنے والے تنقیدی بیانات کے طوفان نے ٹیم انتظامیہ کو خوف میں مبتلا کردیا ہے اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے انداز میں پاکستانی میڈیا کو بھی واضح پیغام دیا ہے کہ وہ گراؤنڈ آنے کی زحمت کرنا چاہتے ہیں تو اپنے رسک پر آئیں کیوں کہ اگلے چھ دن کھلاڑی، کوچ وقار یونس اور ٹیم انتظامیہ کا کوئی رکن بھی پاکستانی میڈیا کے لئے دستیاب نہیں ہوگا۔

جمعے کو پاکستان ٹیم کا ایک کھلاڑی میڈیا سے بات چیت کرے گا۔ اس دوران پاکستانی کھلاڑیوں کو پریکٹس سیشن میں صرف اور صرف توجہ کھیل پر مرکوز کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔ پاکستانی ٹیم کے بارے میں معلومات کے حصول میں بھی میڈیا کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ کیوں کہ ٹیم انتظامیہ اکثر خبروں کو چھپانے کی کوشش کررہی ہے۔