ٹرینوں میں مہنگے داموں غیر معیاری اور زائد المیعاد کھانے ،گٹکا اور سپاریو ں کی فروخت جاری

ایک فوجی افسر کی باضابطہ شکایت کے بعد خیبر میل میں ڈائننگ کار سے مہینوں پرانی ڈبل روٹی برآمد کی گئی ، پاکستان ریلویز کے چیف کمرشل مینیجر نے لاہور کے ڈیویژنل افسر سے 15دنوں میں جواب طلب کر لیا

پیر 23 فروری 2015 16:23

ٹرینوں میں مہنگے داموں غیر معیاری اور زائد المیعاد کھانے ،گٹکا اور ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23فروی 2015ء) ٹرینوں میں مہنگے داموں غیر معیاری اور زائد المیعاد کھانے ،گٹکا اور سپاریو ں کی فروخت جاری ، پاکستان ریلویز نے ڈویژنل افسر سے 15روز میں جواب طلب کر لیا ،ایک فوجی افسر کی باضابطہ شکایت کے بعد ریلوے کے محکمہ ویجی لنس نے 20جنوری کو خیبر میل میں ڈائننگ کار کے معائنہ کے دوران مہینوں پرانی ڈبل روٹی برآمد کی تھی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ریلویز کے حکام مختلف ٹرینوں میں مہنگے داموں غیر معیاری اور زائد المیعاد کھانے فروخت کرنے والے ٹھیکہ داروں کے خلاف کارروائی میں ہچکچاہٹ کا شکار نظر آتے ہیں۔ایک فوجی افسر کی باضابطہ شکایت کے بعد ریلوے کے محکمہ ویجی لنس نے 20جنوری کو خیبر میل میں ڈائننگ کار کے معائنہ کے دوران مہینوں پرانی ڈبل روٹی برآمد کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر عمران مشعل کی جانب سے 23جنوری کو ڈائریکٹر جنرل ویجی لنس کو بھیجی گئی رپورٹ میں کہا گیاایک ڈبل روٹی تین مہینے پرانی نکلی جس پر ڈائننگ کار کے مینیجر نے بتایا کہ یہ زائد الما د ڈبل روٹی مسافروں کیلئے نہیں بلکہ عملے کیلئے تھی۔

معمول کی چیکنگ کے دوران محکمہ کے افسران کو معلوم ہوا کہ کراچی ایکسپریس کی ڈائننگ کار کے کچن میں غیر معیاری گھی استعمال ہو رہا ہے۔

اسی طرح ،ملت ایکسپریس میں بھی غیر معیاری تیل کے علاوہ مسافروں کو زائد المیعاد کیچ اپ دی جا رہی تھی جبکہ علامہ اقبال ایکسپریس کی ڈائننگ کار سے جعلی کولا مشروبات بیچے جا رہے تھے۔ ٹرینوں میں ممانعت کے باوجود گٹکا اور سپاری بھی فروخت ہوتی ہے۔محکمہ ویجی لینس کے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے معاملہ اٹھائے جانے پر پاکستان ریلویز کے چیف کمرشل مینیجر نے لاہور کے ڈیویژنل افسر سے 15دنوں میں جواب طلبی کی ہے۔

اس سے پہلے ،ڈائننگ کار کے ٹھیکیداروں کے زیادہ پیسے وصول کرنے کی عام شکایات پرمحکمہ ویجی لنسٹ کے ڈائریکٹر طارق لطیف نے تیزگام اور ریل کاروں (102ڈان اور 103اپ)کی چیکنگ کی۔طارق لطیف نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ چیکنگ کے دوران مسافر رضوان تجمل نے بتایا کہ انہیں 500ملی لیٹر پانی کی ایک بوتل 30روپے جبکہ ایک چکن سینڈوچ اور چائے کا کپ 220روپے میں دیا گیا۔اسی طرح، تیزگام کے ایک مسافر فرید احمد نے شکایت کی کہ انہیں ایک کپ چائے 30روپے میں دیا گیا۔افسوسناک بات یہ ہے کہ اس سب کے باوجود ٹھیکہ دار آج بھی کراچی، ملت، علامہ اقبال، پاکستان ایکسپریس، خیبر میل اور تیز گام میں کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :