قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر معین خان نے کیسینو جانے کا اعتراف کر لیا

منگل 24 فروری 2015 13:17

قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر معین خان نے کیسینو جانے کا اعتراف کر لیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار24۔فروری 2015ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر معین خان نے کیسینو جانے کا اعتراف کر تے ہوئے بورڈ سے معافی مانگ لی ہے۔تفصیلات کے مطابق سابق کپتان اور موجودہ چیف سلیکٹر معین خان نے ویسٹ انڈیز سے میچ سے پہلے کیسینو جانے کا اعتراف کیا ہے ۔پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھیجی گئی وضاحتی ای میل میں معین خان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ کیسینو کھانا کھانے گئے تھے اور انہوں نے وہاں کوئی جوا نہیں کھیلا ، انہو ں نے بورڈ سے کھلاڑیوں سے نظر رکھنے کے بیان پر بھی معافی مانگ لی ۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک اعلی سطحی اجلاس میں معین خان کے اس وضاحتی بیان کاجائزہ لیا جائے گا اور اس کے بعد ہی انکے خلاف کارروائی کرنے یا نہ کر نے کا فیصلہ کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی کا کہناتھا کہ وہ معین خان کو اچھی طرح سے جانتے ہیں اور وہ یقین سے کہ سکتے ہیں کہ معین خان جوا نہیں کھیل سکتے ہیں ،کیسینو میں جانا منع نہیں لیکن جوا کھیلنا منع ہے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ معین خان کیسینو نہیں جانا چاہتے تھے اور انکی اہلیہ کی ضد پر ہی وہ کیسینو میں گئے ہوں گے ۔ باسط علی کا کہنا تھا کہ انہوں نے اگر اپنی زبان کھولی تو ٹی وی پر بولنے والے بہت سے کرکٹرز کی زبان بند ہو جائے گی ۔ نجی ٹی وی کے مطابق معین خان کے کیسینو میں موجودگی کی ویڈیو بنانے والے شخص کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر نے وہا ں 10سے 15ہزار ڈالر کا جوا کھیلا ہو گا جبکہ انکے ساتھ ایک نجی ٹی وی کے سپورٹس رپورٹر بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :