مسلمان کاروباری شخصیات نے”مسلم فیس“ کے نام سے سماجی رابطوں کی ایک متبادل ویب سائٹ تیار کرلی ‘ جلد لانچ ہوگی

منگل 24 فروری 2015 14:20

مسلمان کاروباری شخصیات نے”مسلم فیس“ کے نام سے سماجی رابطوں کی ایک ..

دبئی (اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔24 فروری 2015)دنیا میں سوشل میڈیا کی مقبولیت اور اہمیت سے متاثر ہو کر مسلمان کاروباری شخصیات نے”مسلم فیس“ کے نام سے سماجی رابطوں کی ایک متبادل ویب سائٹ تیار کی ہے جسے جلد ہی لانچ کر دیا جائے گا۔عرب میڈیا کے مطابق تکنیکی ماہرین نے ابتدائی اور تجرباتی طور پر ”مسلم فیس“ کو ایک ہزار صارفین کیلئے تیار کیا ہے تاکہ اس کے نیٹ ورک کو باضابطہ طور پر عالمی سطح پر پھیلانے سے قبل فنی رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے۔

”مسلم فیس“ کے بانی ارکان کا دعویٰ ہے کہ وہ ایک ایسا سوشل نیٹ ورکنگ فورم متعارف کرا رہے ہیں جس میں سچائی اور حقائق پرمبنی مواد کی اشاعت کے ساتھ ساتھ اسلام کے ضابطہ اخلاق اور اسلامی اقدار کی بھی پابندی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

مسلم فیس کے ذریعے صارفین کو ایسا مواد پوسٹ یا پبلش کرنے کی اجازت نہ ہو گی جس سے مسلمانوں یا کسی بھی دوسرے طبقے کی دل آزاری کا اندیشہ ہو فی الوقت یہ ویب سائٹ تیاری کے مراحل میں ہے جسے انگریزی، فارسی، عربی، اردو، ملائے، ترکی اور بھاسا انڈونیشئن زبانوں کے علاوہ بعض دوسری زبانوں پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔

”مسلم فیس“کے ایک بانی رکن شعیب فدائی نے بتایا کہ ویب سائٹ کو اسلامی نقطہ نظر کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے تاہم یہ صرف مسلمانوں کی نہیں دیگر مذاہب کے پیروکاروں کیلئے بھی ایک کھلا فورم ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ابھی تک اسلامی دنیا کا کوئی مربوط سوشل نیٹ ورک نہیں ہم اسی ضرورت کے پیش نظر یہ ویب سائٹ لانچ کر رہے ہیں مسلم فیس کے دیگر بانی ارکان روح ال امین اور ایم شعیب نے بتایا کہ ہماری سماجی رابطے کی ویب سائٹ سے کسی کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔

ہم اس ویب سائٹ سے اسلام مخالف مواد پوسٹ ہونے دیں گے اور نہ کسی دوسرے مذہب کی دل آزاری پر مبنی مواد شائع کریں گے۔ ہم انسانی اقدار اور اسلامی اصولوں کو سامنے رکھتے ہوئے عوام الناس کو باہمی رابطے کا ایک نیا فورم مہیا کریں گے جس کا ہر پہلو مثبت ہو گا۔