امریکی صدر کے سفری اخراجات

منگل 24 فروری 2015 17:38

امریکی صدر کے سفری اخراجات

امریکہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24فروری 2015ء) دنیا کے مشہور ترین جہازوں میں سے ایک ائیر فورس ون(Air Force One) ہے۔ائیر فورس ون کوئی ایک مخصوص جہاز نہیں، امریکی صدر کے لیے سفری سہولیات فراہم کرنے والے جہاز کو ائیر فورس ون کہا جاتا ہے۔ ایک غیر تجارتی ادارے کے مطابق ائیر فورس ون کی پرواز کے دوران امریکی قوم کے ٹیکس کے پیسوں سے جو خرچہ کیا جاتا ہے وہ 206,337 ڈالرفی گھنٹہ ہے۔

اس خرچ میں جہاز کے آئل کا خرچ اور ہر پرواز کے بعد ہونے والی مرمت کا خرچ شامل ہے۔ امریکہ کی نیشنل ٹیکس پیئر یونین فاؤنڈیشن (National Taxpayer Union Foundation) کے مطابق امریکہ کے موجودہ صدر بارک اوبامہ نے ائیر فورس ون پر کسی بھی پچھلے صدر سے زیادہ بیرون ملک دورے کیے ہیں۔ امریکہ کے اندر اوبامہ تین ریاستوں کے سوا ہر ریاست کا دورہ کر چکے ہیں، جبکہ ان سے پہلے38 سال میں بل کلنٹن اور جارج ایچ ڈبیلو بش ایسے صدور ہیں جنہوں نے بطور صدر امریکہ کی ہر ریاست کا دورہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

ائیر فورس ون تین منزلہ طیارہ ہوتا ہے، جس میں 4000 مربع فٹ فرشی جگہ ہوتی ہے۔اس کے علاوہ جہاز میں ایک کانفرنس روم، ڈائنگ روم ، صدر اور صدارتی سٹاف کے لیے پرائیویٹ دفاتر،میڈیکل آپریشن روم ،پریس ایریا اور دو کچن ہوتے ہیں، جہاز میں 100 افراد کے لیے کھانا تیار ہو سکتاہے۔ہر فلائٹ کے دوران ایک ڈاکٹر لازمی ہوتا ہے۔ جہاز میں فضا سے فضا اور فضا سے زمین پر بات کرنے کے لیے ملٹی فریکوئنسی ریڈیو بھی ہیں۔ بوئنگ کا بنایا ہوا ائیر فورس ون (بوئنگ 747) واشنگٹن سے بغداد تک 6205 میل کا فاصلہ بغیر مزید پیٹرول لیے ایک ہی اڑان میں طے کر سکتا ہے۔ ایمرجنسی کے لیے ائیر فورس ون میں فضا میں ہی پیٹرول بھرنے کی سہولت بھی ہے۔