معین خان کو قربانی کا بکرا بنایا جا رہا ہے،،شکستوں کے اصل ذمہ داربچ نکلیں گے ،سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ خالد محمود

جمعرات 26 فروری 2015 12:02

معین خان کو قربانی کا بکرا بنایا جا رہا ہے،،شکستوں کے اصل ذمہ داربچ ..

کراچی (اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔26 فروری 2015) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین خالد محمود نے کہا ہے کہ چیف سلیکٹر معین خان کو اس لئے نشانہ بنایا جارہا ہے تاکہ ٹیم کو اس حالت تک پہنچانے کے اصل ذمہ دار بچ جائیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ معین خان کو کیسینو نہیں جانا چاہئے تھا، انہوں نے تسلیم کرلیا ہے تو انہیں اس کی سزا ملنی چاہیئے۔

سابق چیئرمین نے کہا کہ معین خان کے کیسینو جانے سے پاکستان ٹیم ویسٹ انڈیز اور بھارت سے نہیں ہاری، نہ ہی چیف سلیکٹر کو واپس بلانے سے گرین شرٹس کی کارکردگی میں بہتری آئے گی، اصل ذمہ داران اور ہیں۔انہوں نے کہاکہ چیف سلیکٹر کو نشانہ اور قربانی کا بکرا بنایا جارہا ہے، اس سارے معاملے کو اس لیے اچھالا جارہا ہے تاکہ عوام اور میڈیا کی ساری توجہ معین خان کی طرف ہو اور ٹیم کی یہ حالت کرنے والے اصل ذمہ دار بچ جائیں۔

(جاری ہے)

خالد محمود کا کہنا تھا کہ معین خان کے علاوہ ایک دو اور لوگوں کو بھی قربانی کا بکرا بنایا جائے گا اور کوشش ہوگی کہ بربادی کے ذمہ داران کے علاوہ ہر آدمی کو سزا مل جائے۔انہوں نے کہا کہ معین خان کو ورلڈ کپ کے لئے ٹیم کے ساتھ جانے کی ضرورت نہیں تھی، وہ کس حیثیت سے ساتھ گئے اس کا جواب چیف سلیکٹر کو نہیں کرکٹ بورڈ کو دینا ہوگا۔معین خان کی واپسی کے بعد ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آنے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اس کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ، ہم کام کرنا نہیں صرف بڑھکیں مارنا جانتے ہیں۔

انہوں نے تمام تر ناکامیوں کا ذمہ دار وزیراعظم اور کرکٹ بورڈ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی سی بی سے پوچھا جانا چاہئے بورڈ بی میں عہدوں کے لئے معیار کیا ہے؟ نجم سیٹھی پر الزام ہے کہ انہیں الیکشن میں خدمت کے بدلے عہدہ دیا گیا، یہ الزام بہت سنجیدہ نوعیت کا ہے۔