مشن ورلڈ کپ ‘ پریکٹس سیشن کے دوران قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز احمد شہزاد زخمی

جمعہ 27 فروری 2015 14:23

مشن ورلڈ کپ ‘ پریکٹس سیشن کے دوران قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز احمد شہزاد ..

برسبین ( اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔27 فروری 2015) زمبابوے کے خلاف ورلڈ کپ کے گروپ میچ کے لئے پریکٹس سیشن کے دوران قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز احمد شہزاد زخمی ہوگئے جبکہ ٹیم ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹخنے کی انجری کے شکار پاکستانی اوپنر احمد شہزاد کو زمبابوے کے خلاف اہم میچ کیلئے کلیئر کر دیا گیا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق پریکٹس سیشن کے دوران احمد شہزاد کو بائیں پاؤں کی ایڑھی میں چوٹ لگی جس سے وہ زخمی ہو گئے جنہیں فوری ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا ایم آئی آر ٹیسٹ بھی کرا گیا۔

ڈاکٹرز کے مطابق احمد شہزاد کی انجری سنجیدہ نوعیت کی نہیں تاہم انہیں آرام کا مشورہ دیا گیا ہے جبکہ درد اور سوجن دور کرنے کی دوائیں بھی دی گئیں ہیں۔قومی کرکٹ ٹیم کے ترجمان کے مطابق ٹخنے کی انجری کے شکار پاکستانی اوپنر احمد شہزاد کو زمبابوے کے خلاف اہم میچ کیلئے کلیئر کر دیا گیاہے اورشہزاد کل (اتوار )کو پولبی کے میچ تک صحت یاب ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ شہزاد کا ایم آر آئی سکین کلیئر آیا ہے اور وہ زمبابوے کے خلاف میچ کیلئے دستیاب ہوں گے۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق زمبابوے کے خلاف اہم میچ میں احمد شہزاد کو ڈراپ کئے جانے کا امکان ہے جس کے بعد ٹیم میں سرفراز احمد کو شامل کرتے ہوئے ان سے اوپننگ کرائی جاسکتی ہے۔واضح رہے کہ قومی ٹیم کو اوپننگ بلے باز محمد حفیظ اور فاسٹ بولر جنید خان کی صورت میں خسارے کا سامنا رہا جو ورلڈ کپ سے قبل ہی انجری کا شکار ہونے کے بعد ٹیم سے باہر ہوگئے تھے۔

بھارت کے خلاف ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں 47رنز بنانے والے شہزاد ویسٹ انڈیز میچ میں صرف ایک رن ہی بنا سکے تھے۔پول بی کے پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے پاکستان کو میگا ایونٹ کے اگلے راؤنڈ میں کوالیفائی کرنے کے امکانات روشن بنانے کیلئے زمبابوے کو لازمی شکست دینا ہو گی۔

متعلقہ عنوان :