سانحہ شکارپور میں ملوث 2 دہشت گرد گرفتار، پولیس کا دعوی،

دہشت گردوں نے شکارپور واقعے کے خلاف دھرنے دینے والوں پر بھی حملے کی تیاری کا انکشاف کیا ہے، پولیس

جمعہ 27 فروری 2015 22:26

سکھر(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 27 فروی 2015ء) پولیس نے سانحہ شکار پور میں ملوث 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سانحہ شکار پور کی تحقیقات میں اہم پیش رفت کا دعویٰ کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ ایس یس پی ثاقب اسماعیل میمن کے مطابق ملوث دو ملزمان خلیل احمد بروہی اور رسول بخش کو گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر کچے کے علاقے سے گرفتار کیا گیا ہے ۔

خلیل بروہی کا تعلق بلوچستان کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی اور رسول بخش خان پور کا رہائشی ہے۔ دونوں ملزمان کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں نے خودکش حملہ آور کو گھر میں پناہ دی تھی اور وہ ایک ہفتے تک قریبی علاقے خواستی بروہی میں ٹھہرا جبکہ گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹ، بارودی مواد اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے دوران تفتیش اپنی کارروائیوں سے متعلق بھی اہم انکشافات کیے ہیں جس میں دہشت گردوں نے بتایا کہ انہوں نے شکارپور بم دھماکے کے خلاف دھرنے دینے والوں پر بھی حملے کی تیاری کررکھی تھی۔واضح رہے کہ 30 جنوری کو شکارپور کی لکھی در امام بارگاہ میں خودکش حملے کے نتیجے میں 60 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے جب کہ حکومت نے دھماکے میں ملوث دہشت گردوں کی اطلاع دینے پر 2 کروڑ انعام کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔

متعلقہ عنوان :