جگموہن ڈالمیا 10سال کے بعدبھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈکے بلامقابلہ صدر منتخب

پیر 2 مارچ 2015 14:54

جگموہن ڈالمیا 10سال کے بعدبھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈکے بلامقابلہ صدر منتخب

چنائی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02مارچ۔2015ء) جگموہن ڈالمیا 10سال کے بعدبھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈکے بلامقابلہ صدر منتخب ہوگئے،شردپوار گروپ کا ایک عرصے بعد دوبارہ بھارتی بورڈ پر قبضہ ،سری نواسن گروپ صرف جوائنٹ سیکرٹری منتخب کرواسکا،ہماچل پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر انورگ ٹھاکر بورڈ کے نئے سیکرٹری منتخب،سنجے پٹیل کو ایک ووٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پیرکو بھارتی بورڈ کاسالانہ جنرل اجلاس چنائی میں ہوا جس میں سپریم کورٹ کے حکم پر نئے انتخابات ہوئے ۔جگموہن ڈالمیا 10سال کے بعدبھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈکے بلامقابلہ صدر منتخب ہوگئے۔وہ این سری نواسن کی جگہ نئے صدر بن گئے۔آئی پی ایل سپاٹ فکسنگ کیس کی وجہ سے پس منظر میں جانے والے این سری نواسن کے بعد بورڈ میں موجود دونوں گروپس نے ڈالمیا کے نام پر اتفاق کرلیا۔

(جاری ہے)

کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال کے موجودہ چیف جگ موہن ڈالمیا نے بھارتی بورڈ کی صدارت کے لیے بھی اپنے کاغذات جمع کرائے تھے۔ انہیں اپنی ایسوسی ایشن کے علاوہ کولکتہ کے نیشنل کرکٹ کلب اور ایسٹ زون کی دیگر چار ایوسی ایشنز کی تائید حاصل تھی۔ بھارتی بورڈ میں موجود دونوں گروپس نے ان کے مقابل کسی اور کو امیدوار نہیں بنایا تھا۔ جبکہ سری نواسن کے حامی بھی انہیں بورڈ کی صدارت سونپنے کے حق میں تھے۔

ہماچل پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر انورگ ٹھاکر بھارتی بورڈ کے نئے سیکرٹری ہوں گے ۔انہوں نے سنجے پٹیل کو ایک ووٹ سے شکست دی ۔انورگ ٹھاکر کی کامیابی کو بھی سری نواسن کیمپ کیلئے بڑا جھٹکا قراردیا جارہا ہے ۔سی کے کھنہ اورٹی سی میتھیو بھارتی بورڈ کے نائب صدربن گئے جبکہ خزانچی کے عہدے پر آنی رودھ چودھری نے راجیوشکلا کو شکست دیدی ۔جوائنٹ سیکرٹری کے عہدے کیلئے سری نواسن گروپ کے امیتابھ چودھری کامیاب قرارپائے۔بھارتی بورڈ کے نئے صدر جگ موہن ڈالمیا 1997ء سے 2000ء تک آئی سی سی کے صدر بھی رہ چکے ہیں ۔ڈالمیا نے 2005ء میں بھارتی بورڈ کی صدارت چھوڑی تھی۔

متعلقہ عنوان :