سرفراز کو کھلانے کا مطالبہ زور پکڑ گیا

پیر 2 مارچ 2015 16:46

سرفراز کو کھلانے کا مطالبہ زور پکڑ گیا

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2مارچ 2015ء)سابق کھلاڑیوں نے زمبابوے کیخلاف پاکستان کی جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ فتح میں وہاب ریاض اور محمدعرفان کے علاوہ کسی کھلاڑی کا کوئی کردار نہیں تھا اور ساتھ ساتھ آئندہ میچ میں وکٹ کیپر سرفراز احمد کو کھلانے کا مطالبہ کردیا ہے۔ سابق عظیم بلے باز جاویدمیانداد کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں جیت کے ٹریک پر آنا خوش آئند ہے مگر بیٹنگ اور فیلڈنگ نے ایک مرتبہ پھر مایوس کیا لہٰذا آئندہ میچوں میں اسپیشلسٹ وکٹ کیپر کے ساتھ میدان میں اترنا چاہئے۔

واضح رہے کہ اب تک تینوں میچوں میں پاکستان کی فیلڈنگ خصوصاً وکٹ کیپنگ کے شعبے میں کارکردگی انتہائی ناقص رہی ہے اور عمر اکمل کئی کیچ ڈراپ کر چکے ہیں اور خراب کارکردگی کے باوجود ریگولر وکٹ کیپر سرفراز احمد کو ٹیم میں شامل نہیں کیا جا رہا۔

(جاری ہے)

سابق فاسٹ باؤلر سرفراز نواز نے کہا کہ مصباح الحق نے کمزور بالنگ لائن کے سامنے غیر ضروری طور پر محتاطانداز اختیار کر کے ایک بار پھر اپنے آپ کو خود غرض کھلاڑی ثابت کردیا،محمدعرفان اور وہاب ریاض نے پاکستانی ٹیم کو جتوایا ورنہ حالات بہت خراب تھے۔

انہوں نے عمر اکمل اور ناصر جمشید کی فیلڈنگ پر بھی کڑی تنقید کی اور کہا کہ ناصر جمشید کی جگہ سرفراز احمد کو آزمانا چاہئے اور ان سے اوپننگ بھی کرائی جائے۔ سابق اوپنر عامر سہیل نے بھی میانداد کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ زمبابوے کیخلاف فتح میں وہاب ریاض اور محمد عرفان کے علاوہ کسی کھلاڑی کا کوئی کردار نظر نہیں آیا،زمبابوے جیسی کمزور سائیڈ کے خلاف جس انداز میں بیٹنگ کی گئی،اس پر افسوس ہورہا ہے۔

سابق لیگ اسپنر اور گگلی کے موجد عبدالقادر نے کہا ہے کہ وہاب ریاض نے خود کو ایک بار پھر لڑاکا اور محنتی کرکٹر ثابت کیا ہے،ٹیم کو ایسے کرکٹرز کی بہت ضرورت ہے جو میدان میں لڑتے نظر آئیں۔ ایسی فائٹ گزشتہ میچوں میں کی جاتی تو نتائج مختلف ہوتے۔ سابق اوپنر شعیب محمد نے کہا کہ ناصر جمشید کی جگہ سرفراز احمد کو ٹیم میں شامل کیا جائے کیونکہ عمر اکمل کے کیچز ڈراپ کرنے سے ٹیم کو نقصان ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کا ورلڈ کپ اب شروع ہوا ہے مگر فیلڈنگ پر توجہ نہیں دی گئی تو واپسی کا راستہ تیارہوجائے گا۔ راشد لطیف نے کہا کہ مصباح کے ساتھ عمراکمل،صہیب مقصود اور وہاب ریاض لڑتے ہوئے دکھائی دیئے مگر اوپننگ جوڑے کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ ایک اور سابق کرکٹر باسط علی نے کہا کہ کمزور ٹیم کیخلاف اس طرح کی کامیابی کسی طور پر قبول نہیں ہے۔ محسن خان نے کہا کہ آئندہ میچوں میں ٹیم کے پاس غلطی کی گنجائش نہیں ہے،ناصر جمشید کی جگہ سرفراز احمد کو شامل کیا جائے تو بہتر ہوگا۔