ٹنڈو غلام حیدر میونسپل ملازمین کا 10ماہ کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

پیر 2 مارچ 2015 21:07

ٹنڈومحمدخان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2مارچ۔2015ء) ضلع ٹنڈومحمدخان کے ٹنڈو غلام حیدر میونسپل ملازمین نے 10ماہ کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف پریس کلب ٹنڈومحمدخان کے سامنے روشن جگسی ، بشیر وریا ، سومار ملاح ، اورنگزیب مجید کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور سخت نعریبازی کی اس موقع پر مظاہرین نے صحافیوں کو بتایاکہ ہم میونسپل کمیٹی ٹنڈو غلام حیدر مسلسل ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں ، جس کے باوجود ہمیں گذشتہ 10ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں جس کے باعث ہمارے اہل خانہ فاقہ کشی کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں ، میونسپل کمیٹی ٹنڈوغلام حیدر کو ہر ماہ ایک کروڑ تیس لاکھ روپے کے فنڈز فراہم کئے جاتے ہیں اس وقت بھی میونسپل کمیٹی ٹنڈو غلام حیدر کے اکاؤنٹ میں چار کروڑ روپے سے زائد کی رقم موجود ہے ، لیکن ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کی جارہیں ، میونسپل کمیٹی ٹنڈو غلام حیدر کے فنڈز میں ڈپٹی کمشنرآصف میمن ، تعلقہ میونسپل آفیسر شبیر مگریو ، اور اسسٹنٹ کمشنر نوید لاڑک مبینہ طور پر کرپشن کررہے ہیں ، مظاہرین نے مطالبہ کیاکہ میونسل کمیٹی ٹنڈو غلام حیدر کے ملازمین کو جلد از جلد 10ماہ کی تنخواہیں ادا کی جائیں ، بصور ت دیگر احتجاج کا سلسلہ جاری رہیگا جبکہ میونسپل کمیٹی ٹنڈومحمدخان کے ملازمین کی جانب سے راجا نوناری ، عبدالوحید بھٹی ، شکیل خاصخیلی ، عنایت بھٹی ، محبوب بروہی ودیگر کی جانب سے 25ماہ کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف 25ویں روز بھی بھوک ہڑتال جاری رہی۔