ٹیوٹا دوسرے مرحلے میں45شارٹ کورسز متعارف کروائے گی‘ عرفان قیصر شیخ ،

ان شارٹ کورسز کے ذریعے ٹیوٹا صوبہ بھر میں اپنے منتخب اداروں میں نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو فنی تربیت فراہم کریگی، یہ شارٹ کورسزجدید تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے انڈسٹری کی سفارشات کے مطابق متعارف کروائیں جائیں گی‘ چیئرپرسن ٹیوٹا

پیر 2 مارچ 2015 21:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2مارچ۔2015ء) ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا)دوسرے مرحلے میں45شارٹ کورسز متعارف کروائے گی، ان شارٹ کورسز کے ذریعے ٹیوٹا صوبہ بھر میں اپنے منتخب اداروں میں نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو فنی تربیت فراہم کرے گی،یہ شارٹ کورسزجدید تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے انڈسٹری کی سفارشات کے مطابق متعارف کروائیں جائیں گے۔

چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ گزشتہ روز ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں زونل اور ڈسٹرکٹ منیجرز کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا جواد احمد قریشی، جنرل منیجرزحامد غنی انجم،عبدالقیوم، اظہر اقبال شاد، اختر عباس بھروانہ اور دیگر ٹیوٹا افسران بھی موجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 45 شارٹ کورسز میں سے 31 نئے شارٹ کورسز شامل کئے جا رہے ہیں جن میں فیشن ڈیزائننگ، لانڈری مین، مشین ایمبرائڈری ، بیسک ہاوٴس کیپنگ ، ٹیبلٹ مینوفیکچرنگ مشین آپریٹر،کیپسول مینو فیکچرنگ مشین آپریٹر،جنریٹر ریپئرمکینک، ویٹر،الیکٹرونیکلی کنٹرولڈ انجن ڈائیگناسٹک اینڈٹیون اپ‘ رائس ملنگ پلانٹ آپریٹر، ٹنل فارمنگ، پلمبر سولرواٹرہیٹنگ انسٹالیشن اینڈ مینٹیننس، سٹیل فکسر، ڈومیسٹک ٹیلرنگ(مردانہ)، سول سرویئر، کوانٹٹی سرویئر، ویلڈنگ، مشینسٹ، بلڈنگ پینٹر، شٹرنگ کارپنٹر، اڈا ورک، آٹو مکینک، ہینڈی مین، سپوکن عربی،یو پی ایس رپئیرمکینک، کنفیکشنری بیکری اینڈ سوئیٹس،کال سنٹر،انجکشن مولڈنگ مشین آپریٹر، کسٹمر سیلز آفیسرز، کسٹمر سروسسز آفیسرز اور سولر پینل شامل ہیں۔

(جاری ہے)

باقی ماندہ14کورسز فروری سے شروع کئے جانے والے پہلے مرحلے میں متعارف کروائیں جا چکے ہیں اور ان شارٹ کورسز کو بھی انڈسٹری کی ڈیمانڈ پر دوسرے مرحلے میں بھی جاری رکھا جائے گا۔چیئرپرسن ٹیوٹا نے ڈسٹرکٹ مینجرز کو ہدایت کی کہ وہ ڈسٹرکٹ بورڈ آف مینجمنٹ کے اراکین سے 45 کورسز کے آغاز کیلئے سفارشات حاصل کریں کیونکہ انکی حتمی رائے کو مد نظر رکھتے ہو ئے شارٹ کورسز کے دوسرے مرحلے کے آغاز کیلئے فوری ضروری اقدامات کا آغاز کیا جائے گا۔ڈسٹرکٹ بورڈ آف مینجمنٹ کے ساتھ مشاورت کا مقصد شارٹ کورسز میں تربیت یافتہ نوجوانوں کو روزگار کے یقینی مواقع فراہم کرنا ہے۔