این آر او میری سب سے بڑی غلطی تھی ، 99 ءمیں مارشل لاءنہیں لگایا : پرویز مشرف

پیر 2 مارچ 2015 21:54

این آر او میری سب سے بڑی غلطی تھی ، 99 ءمیں مارشل لاءنہیں لگایا : پرویز ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔2مارچ۔2015ء) سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ انہوں نے 1999 ءمیں کوئی مارشل لاءنہیں لگایا تھا جبکہ اس وقت ملک میں سارا نظام جوں کا توں چل رہا تھا۔جبکہ ان کے دور حکومت میں این آر او ان کی سب سے بڑی غلطی تھی۔نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں سابق صدر کا کہنا تھا کہ وہ فوج میں کمانڈو رہ چکے ہیں جبکہ اینٹ کا جواب پتھر سے دینے پر یقین رکھتے ہیں۔

لیکن ان کے دور حکومت میں این آر او کا نفاذ ان کی سب سے بڑی سیاسی غلطی تھی۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جنرل کیانی سے ان کا کوئی اختلاف نہیں ہے تاہم جب بھی کوئی فیصلہ کیا جاتا ہے تو وہ صحیح ہوتا ہے کیونکہ وہ فیصلہ اس وقت کے حالات کے عین مطابق ہوتا ہے۔جنرل کیانی کی تعیناتی کا فیصلہ بھی اس وقت کے مطابق درست فیصلہ تھا۔

(جاری ہے)

صدارت کے عہدے سے مستعفی ہونے کے حوالے سے پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ انہیں پیپلز پارٹی کی جانب سے ایسی کوئی پیشکش نہیں ہوئی کہ چوہدری برادران کو ق لیگ کی سربراہی سے ہٹا لیا جائے تو وہ صدر رہ سکتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ موجودہ صدر کی طرح نااہل صدر نہیں رہنا چاہتے تھے اس لیے جب انہوں نے محسوس کیا تو وہ خود مستعفی ہو گئے ۔سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ افتخار چوہدری کا چیف جسٹس بننا ملک کے لیے بدقسمتی تھی جبکہ ان کے خلاف ہمارے دور حکومت میں ہی ریفرنس بھیجا گیا لیکن پھر عدلیہ تحریک کے ذریعے انہیں بحال کروا دیا گیا۔انہوں نے واضح کیا کہ افتخار چوہدری کا ساتھ دینے والے وکلاءنے بھی ان کے بحال ہونے کے بعد اپنے فیصلے کو غلط قرار دیا ۔

متعلقہ عنوان :