دہلی ایئرپورٹ پر 40گھنٹے سے پھنسے 214 پاکستانی وطن پہنچ گئے‘ گلف ایئرلائن کمپنی کے بیڑے میں 150 جہاز ہونے کے باوجود مسافروں کو لانے کیلئے دوسرا طیارہ نہیں بھیجا گیا ، مسافروں کی شکایت‘ انکوائری کی جائے گی، ترجمان ایوی ایشن

منگل 3 مارچ 2015 13:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء ) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں گزشتہ کئی گھنٹوں سے پھنسے پاکستانی مسافر بالاخر لاہور پہنچ گئے۔ تمام مسافر گلف ایئرلائن کی پرواز جی ایف 766 پر لاہور پہنچے۔دوسری جانب ترجمان ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ گلف ایئرلائن کمپنی کے بیڑے میں 150 کے قریب جہاز موجود ہیں لیکن انہوں نے مسافروں کو لانے کے لیے دوسرا طیارہ نہیں بھیجا جس کی انکوائری کی جائے گی۔

یاد رہے کہ دو سو سے زائد پاکستانی مسافر پیر کو دہلی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پھنس گئے تھے کیونکہ ان کی بحرین سے لاہور آنے والی پرواز ایک تیکنیکی خرابی کے باعث ہندوستانی دارالحکومت میں اتارنا پڑی تھی۔حکام کے مطابق صبح بحرین سے روانہ ہونے والی گلف ایئر کی پرواز جی ایف 766 کے پائلٹ نے دہلی ایئرپورٹ کنٹرول روم کو طیارے میں ایک تیکنیکی خرابی سے آگاہ کیا اور لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔

(جاری ہے)

پی آئی اے کے ترجمان نے کو بتایا کہ " 214 پاکستانی مسافر جن میں بچے بھی شامل ہیں، دہلی ایئرپورٹ پر گزشتہ بارہ گھنٹوں سے پھنسے ہوئے تھے۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کے مشیر برائے ایوی ایشن شجاعت عظیم نے نئی دہلی میں پی آئی اے کے اسٹیشن منیجر کو مسافروں کی دیکھ بھال کی ہدایت کی ہے۔ترجمان کے مطابق " ہم نے مسافروں کو واپس لانے کے لیے اپنا طیارہ بھیجنے کی پیشکش کی تھی مگرگلف ایئر نے ہمیں آگاہ کیا کہ وہ بہت جلد پرواز کی تیکنیکی خرابی کو حل کرکے اسے لاہور پہنچائے۔

وزیراعظم نواز شریف نے شجاعت عظیم کو متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے اور ضرورت پڑنے پر پی آئی اے کی خصوصی پرواز کا انتظام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے دہلی میں پاکستان کے ہائی کمشنر کو بھی مسافروں کی دیکھ بھال کی ہدایت کی تھی۔

متعلقہ عنوان :