نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شوکے تحت پنجاب نیشنل سپورٹس فیسٹیول 5مارچ کو شروع ہوگا‘ ڈی جی سپورٹس پنجاب،

ملک بھر سے ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جس میں کرکٹ، ہاکی، فٹبال، کبڈی، ریسلنگ اور اتھلیٹکس کے مقابلے ہونگے، کھلاڑیوں کیلئے سنگ میل ہوگا، کھیلوں کے مقابلے 5سے8مارچ تک نشتر پارک سپوٹس کمپلیکس میں ہوں گے، خواتین کھلاڑی بھی شریک ہوں گی‘ عثمان انور کی میڈیا سے گفتگو

منگل 3 مارچ 2015 20:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء ) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا ہے کہ نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شوکے تحت پنجاب نیشنل سپورٹس فیسٹیول کا آغاز 5مارچ کو ہوگا جس میں کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے، ملک بھر سے ٹیمیں اس میں حصہ لیں گی ، سپورٹس کے مقابلے کھلاڑیوں کیلئے سنگ میل ثابت ہونگے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو میں سپورٹس کے مقابلوں سے معاشرے میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔ پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور اسلام آباد کے کھلاڑیوں کیلئے یہ سنہرا موقع ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا کھل کر اظہار کریں۔

(جاری ہے)

نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کے تحت سپورٹس بورڈ پنجاب سپورٹس فیسٹیول کاآغاز 5 مارچ کو کررہا ہے جس میں ملک بھر سے مختلف کھیلوں میں سیکڑوں کھلاڑی حصہ لیں گے۔

ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ سپورٹس کے تمام مقابلے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں ہوں گے، شیڈول کے مطابق 5 مارچ کو رسہ کشی کے مقابلے ہوں گے، پاکستان گرین اور پاکستان وائٹ میں مقابلہ تین بجے پنجاب سٹیڈیم میں ہوگا جس میں پاک فوج، پاکستان ایئر فورس، پنجاب، واپڈا، ریلوے اور پنجاب پولیس کے کھلاڑی شریک ہوں گے۔ 6 مارچ کو کرکٹ کا میچ چیف منسٹر الیون اور چیف سیکرٹری الیون کے درمیان قذافی سٹیڈیم میں دوپہر ڈھائی بجے ہوگا، 7 مارچ کو کبڈی(خواتین) کا مقابلہ پاکستان گرین اور پاکستان وائٹ کے درمیان پنجاب سٹیڈیم میں ساڑھے تین بجے ہوگا جس میں پاک فوج، ایئر فورس، پنجاب، واپڈا، ریلوے اور پنجاب پولیس کی کھلاڑی حصہ لیں گی۔

مردوں کی کبڈی ٹیم کا میچ ساڑھے چار بجے ہوگا، اتھلیٹکس (مرد) کے مقابلے پنجاب سٹیڈیم میں 6 اور 7مارچ کو صبح نو بجے شروع ہونگے جبکہ خواتین کے مقابلے دوپہر 2 بجے شروع ہوں گے۔ کرکٹ کے میچز 5سے 8مارچ تک ہوں گے جس میں پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتسان، آزاد کشمیر اور اسلام آباد کی ٹیمیں حصہ لیں گی، فائنل 8مارچ کو قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔فٹبال کے مقابلے بھی 5سے 8مارچ تک منعقد ہوں گے۔فائنل پنجاب سٹیڈیم میں 8مارچ کو کھیلا جائے گا۔ہاکی (مردوخواتین) کے مقابلے بھی 5سے 8مارچ تک ہونگے، فائنل نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ہو گا۔ریسلنگ کے مقابلے بھی سے 5 سے 8مارچ تک ہو ں گے۔