معذور افرادکی کفالت ریاست کی ذمہ داری ہے،بصارت سے محروم افرادکے مطالبات آئینی و قانونی ہیں ‘علامہ عبدالخالق اسدی،

خصوصی افراد معاشرے کا حصہ ہیں ،سٹیٹس کو کے پیداوار حکمران کبھی بھی عوامی مسائل حل نہیں کر سکتے‘وفود سے ملاقا ت کے دوران گفتگو

منگل 3 مارچ 2015 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء ) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہاکہ معذور افرادکی کفالت ریاست کی ذمہ داری ہے،بصارت سے محروم افرادکے مطالبات آئینی و قانونی ہیں ،خصوصی افراد معاشرے کا حصہ ہیں ،سٹیٹس کو کے پیداوار حکمران کبھی بھی عوامی مسائل حل نہیں کر سکتے،جب تک اس فرسودہ نظام کو تبدیل نہیں کیا جاتا معذور تو کجا عام افراد کا جینا مشکل ہو جائیگا،حکمران طبقہ دولت کے نشے میں مست ہے،ملک کے مقدس ایوان بالا کے ممبر بننے کے لئے کروڑوں کی بولیاں لگ رہی ہیں کیا ایسا رکن کبھی عوام کے لئے کام کریگا جو دولت کے بل بوتے پر ایوان میں پہنچا ہو؟۔

ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے جنوبی پنجاب کے وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اپنی پوری طاقت کے ساتھ ہمارے خلاف انتقامی کاروائیوں میں مصروف ہے لیکن ہم ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہونگے پنجاب میں دہشت گردوں اور دہشت گردی سے متاثرہ لوگوں کو ایک صف میں کھڑا کر دیا گیا ہے۔

اس کا اصل مقصد دہشت گردی کے خلاف جنگ کو متاثر کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں دہشت گرد منظم ہو رہے ہیں ۔اور ہمیں خدشہ ہے کہ کسی بھی وقت یہ دہشت گرد گروہ جنوبی پنجاب میں دہشت گردی کا کوئی بڑا واقعہ رونما کر سکتے ہیں۔جنوبی پنجاب میں داعش کی وال چاکنگ ،اور کالعدم جماعتوں کے دہشت گردوں کی آزاد نقل وحمل اس بات کی دلیل ہے کہ پنجاب میں ان کو مکمل آزادی ہے۔نیشنل ایکشن پلان کا اطلاق صرف دہشت گردمخالف قوتوں پر کیا جارہا ہے ۔