پنجاب اسمبلی ‘ حکومتی اور اپوزیشن پر مشتمل 12رکنی خصوصی کمیٹی نے اراکین اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے پر اتفاق کر لیا،

ارکان اسمبلی کی بنیادی تنخواہ 12 ہزار سے بڑھا کر 30 ہزار‘ ایڈیشنل ٹریولنگ الاؤنس 75 ہزار سے بڑھا کر 1 لاکھ 20 ہزار‘اکاموڈیشن الاؤنس 15 سو سے بڑھا کر 25 سو روپے تجویز دی گئی ہے ‘ ہ سفارشات حتمی منظوری اور قانون سازی کیلئے وزیر اعلیٰ کو بھجوا ئی جائیں گی

منگل 3 مارچ 2015 23:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء) پنجاب اسمبلی میں حکومتی اور اپوزیشن پر مشتمل 12رکنی خصوصی کمیٹی نے اراکین اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے پر اتفاق کر لیا ‘ کمیٹی کی تیار کردہ سفارشات حتمی منظوری اور پنجاب اسمبلی میں قانون سازی کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھجوا ئی جائیں گی ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں حکومتی اور اپوزیشن اراکین نے دیگر صوبوں کی نسبت پنجاب اسمبلی کے اراکین کی تنخواہ اور مراعات کم ہونے پر احتجاج کیا تھا جس پر قائمقام اسپیکر سردار شیر علی گورچانی کی طرف سے وزیر قانون کی سربراہی میں 12رکنی کمیٹی قائم کر کے کے سات روز میں رپورٹ طلب کی تھی ۔

ذرائع کے مطابق خصوصی کمیٹی نے اراکین اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کے حوالے سے جائزہ لے کر اپنی سفارشات مرتب کر لی ہیں اور اس پر کمیٹی میں شامل تمام اراکین کا اتفاق ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق کمیٹی کی سفارشات کو حتمی منظوری کے لئے جلد وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھجوائے جانے کا امکان ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب اس کا فیصلہ کریں گے اور اضافے کی صورت میں وزارت خزانہ باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی نے ارکان اسمبلی کی بنیادی تنخواہ 12 ہزار سے بڑھا کر 30 ہزار کرنے کی تجویز دی ہے۔ ہاؤس رینٹ الاؤنس 10 ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار جبکہ آفس مینٹینس اؤلانس 10 ہزار روپے ہی برقرار رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔ ٹیلی فون الاؤنس 5 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار ،اخراجاتی الاؤنس 5 ہزار سے 10 ہزار جبکہ یوٹیلیٹی الاؤنس 3 ہزار سے بڑھا کر ساڑھے 4 ہزار کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ایڈیشنل ٹریولنگ الاؤنس 75 ہزار سے بڑھا کر 1 لاکھ 20 ہزار کرنے کی تجویز دی گئی ۔ دوران سیشن روزانہ الاؤنس ساڑھے 6 سو سے بڑھا کر 1 ہزار جبکہ کنوینس الاؤنس 4 سو سے بڑھا کر 500 روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔ٹریولنگ الاؤنس 5 روپے فی کلو میٹر بڑھا کر 15 روپے فی کلو میٹر اور اکاموڈیشن الاؤنس 15 سو سے بڑھا کر 25 سو روپے تجویز کر دیا گیا۔ پٹرول اور کار مینٹیننس الاؤنس 15 ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار روپے تجویز کیا گیا ۔

چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی کیلئے سپیشل الاؤنس 3500 سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کرنے کی تجویز بھی دی گئی ۔بتایا گیا ہے کہ تنخواہوں میں اضافے کو قانون سازی کے ذریعے لاگو کیا جائے گا ۔ کمیٹی نے وزیر اعلی ،اسپیکر ،ڈپٹی اسپیکر، اپوزیشن لیڈر ، وزرا ء ،پارلیمانی سیکرٹریز اور معاون خصوصی کو بھی اسی تناسب سے اضافہ دینے کی سفارش کر دی۔