پاکستانی گلوکارعزیر جسوال نے بھی بالی و وڈ میں قدم رکھ دیا

بدھ 4 مارچ 2015 12:16

پاکستانی گلوکارعزیر جسوال نے بھی بالی و وڈ میں قدم رکھ دیا

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04مارچ۔2015ء)پاکستان نے بولی وڈ کو بہت سے باصلاحیت گلوگار دیئے ہیں، جن میں استاد راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم سر فہرست ہیں۔ ان ہی میں سے ایک کوک اسٹوڈیو سے شہرتے حاصل کرنے والے ابھرتے ہوئے، پاکستانی گلوکارعزیرجسوال بھی ہیں، جن کا گانا”تیرے بن“ سنی لیون کی نئی فلم”ایک پہیلی لیلا“ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب پر یہ گانا ریلیز ہوتے ہی بے انتہا مقبول ہوگیا، جس کے بعد ہندوستان کی پروڈکشن کمپنی ٹی سیریز کے سربراہ بھوشان کمار اور کوریوگرافر احمد خان نے اس گانے کے مالکانہ حقوق حاصل کرنے کی کوشش کی۔واضح رہے کہ ٹی سیریز نے بہت سے یادگار میوزک البمز ریلیز کیے ہیں، جن میں حالیہ ”عاشقی 2“ ہے، جس نے موسیقی کی دنیا میں ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ۔

(جاری ہے)

بولی وڈ کے بہت سے پروڈیوسر عزیر جسوال کے اس گانے کے حقوق حاصل کرنے کی دوڑ میں شامل تھے، لیکن ٹی سیریز اس حوالے سے خوش قسمت ثابت ہوئی۔فلم”اک پہیلی لیلا“ کے پروڈیوسر کے بھائی ،کوریو گرافر احمد خان نے گانے کے مالکانہ حقوق حاصل کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عزیر جسوال ایک حیرت انگیز سنگر ہیں۔ ان کا گانا 'تیرے بن' یوٹیوب پر مقبول ترین تھا اور بہت سے پروڈیوسر اسے حاصل کرنے کے خواہش مند تھے۔

احمد خان نے مزید بتایا کہ جسوال نے اس گانے میں تھوڑی سی تبدیلیاں کی ہیں اور اسے فلم کی مناسبت سے دوبارہ گایا ہے۔انھوں نے اپنا تجربہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ جب میں نے پہلی مرتبہ یہ گانا سنا تو مجھے یقین تھا کہ یہ اس فلم کے لیے بہت زبردست رہیگا، لیکن جب بھوشان نے اسے سنا تو انھیں اس سے محبت ہوگئی اور جیسا کہ انڈیا کے بہت سے پروڈیوسر اس گانے کو خریدنا چاہتے تھے، ہم نے فوراً اس گانے کے مالکانہ حقوق خرید لیے، تاہم اس گانے میں تھوڑی سی ترامیم کی گئیں ہیں تاکہ اسے”اک پہیلی لیلا“ کی مناسبت سے بنایا جاسکے۔فلم”اک پہیلی لیلا“ رواں سال اپریل میں ریلیز کی جائے گی۔